گورنمنٹ گریجویٹ کالج کے علمی و ادبی مجلہ ”ساہیوال” کی تقریب رونمائی

67

ساہیوال،14  نومبر (اے پی پی ): گورنمنٹ گریجویٹ کالج کے علمی و ادبی مجلہ ”ساہیوال” کی تقریب رونمائی کی تقریب منعقد ہوئی،پروفیسر قمرالزمان خان تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ مہمان اعزاز میں ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل قیصر سلیم اور ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر قمر الزمان خان نے کہا کہ گورنمنٹ گریجویٹ کالج ساہیوال کوئی معمولی ادارہ نہیں، کالج میں زیر تعلیم بچوں کی خوش قسمتی ہے کہ وہ ایسے شاندار تعلیمی ادارے میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علمی و ادبی مجلہ شائع کرنا کوئی آسان کام نہیں بلکہ اس کے لئے کڑی محنت کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے پرنسپل پروفیسرڈاکٹر ممتاز احمد وٹو اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔

شعبہ اردو کے صدر ڈاکٹر محمد افتخار شفیع نے کہا کہ کسی زمانے میں ہمارے تعلیمی ادارے شخصیات پیدا کرتے تھے۔ان سے کھیلوں کے میدان آباد تھے، علمی اور ادبی انجمنیں اپنی تقریبات سے طلبہ میں شعور کی دولت کو عام کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر اہم یونیورسٹی اور کالج کا ادبی مجلہ علم و ادب کی آبیاری میں ایک اہم کردار ادا کرتا تھا جہاں سے طلبہ نہیں بلکہ شاعر، ادیب، صحافی، ماہر معاشیات، سیاستدان اور علمائے کرام پیداہوتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام کو چاہیے کہ سربراہان ادارہ کو کالج میگزین کی اشاعت کا پابند کریں۔

ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل سلیم قیصر نے گورنمنٹ کالج ساہیوال کی اپنے مشاہیر کو یاد رکھنے کی عمدہ روایت کو سراہا اور بچوں پر زور دیا کہ وہ اس جریدے کو پڑھیں اور اس سے استفادہ حاصل کریں۔

 ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق نے کہا کہ بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی شخصیت سازی بھی بہت ضروری ہے۔ انہوں نے بچوں کو اپنے جذبات کے اظہار کے لئے پلیٹ فارم مہیا کرنے پر پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر ممتاز احمد وٹو کو مبارکباد پیش کی۔انہوں نے نصابی، ہم نصابی سرگرمیوں اور اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے اس روایت کو اہم قرار دیا۔

 اس موقع پر پرنسپل گورنمنٹ کالج پروفیسر ڈاکٹر ممتاز احمد نے طلبہ و طالبات کو تلقین کرتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ ایسا کام کریں جس سے دوسروں کو خوشی ملے۔ انہوں نے علمی و ادبی مجلہ ”ساہیوال” کی اشاعت کو بچوں اور اساتذہ کی سخت محنت کا ثمر قرار دیا اور یقین دلایا کہ طلباء کی پذیرائی کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔

 تقریب کے اختتام پر تقریب کے مہمانوں میں سوینئر اور طلبہ و طالبات میں تعریفی سرٹیفیکیٹس بھی تقسیم کئے گئے۔ شعبہ پنجابی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر مرزا معین الدین، ڈاکٹر ندیم عباس اشرف سمیت دیگر اساتذہ، میڈیا نمائندوں اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔