سکھر؛ پاکستان ریلویز ڈویڑنل سپرنٹنڈنٹ عرفان الحق کا ‘ٹنڈو آدم سے پڈعیدن سیکشن’ کا تفصیلی دورہ

24

سکھر،14نومبر(اے پی پی)پاکستان ریلویز سکھر ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ عرفان الحق نے تمام ڈویڑنل افسران اور عملے کے ہمراہ ٹنڈو آدم ریلوے اسٹیشن سے پڈعیدن سیکشن کا اسپیشل انسپکشن اور تفصیلی دورہ کیا۔

دورے کے دوران ٹنڈو آدم سے پڈعیدن کے درمیان آنے والے تمام ریلوے اسٹیشن کی اسپیشل انسپیکشن کی گئی جس میں مکمل ریلوے ٹریک کو باریک بینی سے دیکھا گیا تاہم ضرورت کے مطابق مرمت کرنے کے احکامات جاری کیے گئے جبکہ سگنل سسٹم،ٹریک کی گولایاں، جنیٹر ورکنگ،بجلی کی فراہمی،لیول کراسنگ انجینئرنگ کے معاملات،ریلوے برجز، پھاٹکوں سمیت تمام اسٹیشن کا دورہ کرکے تمام ریکارڈ چیک کیا گیا جبکہ اس دوران تمام ریلوے اسٹیشنز پر صفائی ستھرائی پینے کے صاف پانی،واش روم کے سہولت و دیگر سہولیات عوامی مسائل اور معاملات کا بغور جائزہ لیا گیا۔

ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ نے ہر اسٹیشن پر موجود افسران اور عملے کو درپیش مسائل بھی سنے اور انہیں موقع پر حل کیا جبکہ دیگر مسائل کے حل کے لئے ڈویژنل افسران کو فوری حل کرنے کے احکامات جاری کیے جبکہ اس موقع پر عملے کی کوتاہیوں و لاپرواہی پر برہمی کا اظہار کیا گیا اورسخت سرزنش کی گئی، اس دورے کے دوران اسٹیشن پر افسران عملے سمیت ملازمین سے ملاقات کی،اچھی کارگردگی کو سراہا اور  عملے کو شباشی کے ساتھ انعامات سے بھی نوازا گیا۔اس موقع پر ڈی ایس ریلوے عرفان الحق کا کہنا تھا کہ کسی بھی قسم کی کوتاہی و لاپرواہی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا،ہماری اولین ترجیہی ہے کہ ہم دن رات محنت لگن اور ایمانداری سے اپنے فرائض کو نبھاتے ہوئے عوام کو با حفاظت بہترین سفری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔