گھوٹکی ؛ دوستوں و دشمنوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں آئیں الیکشن لڑیں ،آصف علی زرداری

7

 

گھوٹکی ،7 نومبر( اے پی پی ): سابق صدر مملکت اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ تمام پیپلزپارٹی کے رہنماوں کو سلام پیش کرتا ہوں ۔ دوستوں اور دشمنوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں آئیں الیکشن لڑیں ، آج کے دور میں مارشل لا ءلگانا آسان نہیں۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق ممبر سندھ اسمبلی علی گوہر مہر کی طرف سے دیئے گئے ظہرانے میں شرکت کے موقع پر خانگڑھ گوہر پیلس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو اس لیے نہیں ہٹایا کہ ہمیں پاور کی ضرورت تھی۔ پی ٹی آئی حکومت اقتدار کیلئے ختم نہیں کی۔ میں دیکھ رہا تھا حکومت چلانا ان کے بس کی بات نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے صدارتی اختیارات کم کر کے پارلیمان کو طاقتور کیا، اس کے پیچھے بھی ایک سوچ تھی۔ اگر میں ایسا نہ کرتا تو کوئی بھی آ کر ان اختیارات کو ختم کر کے آمریت کا نظام رائج کر سکتا تھا۔ اب ایسا کرنے کے لیے اس کو مارشل لاء لگانا پڑے گا جو آج کی صدی میں آسان نہیں ہے۔

 پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری کا مزید کہنا تھا کہ اب بھی جب ہم حکومت میں تھے تو ہم نے بہت کوشش کی لیکن دوستوں نے ہماری باتیں نہیں مانیں جس سے ہمیں پانچ سے 10 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔ ہمیں ملک کی ترقی کی ضرورت ہے۔ ہم نے ہمیشہ انسان کی عزت کی بات کی ہے۔ ہم نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوستوں اور دشمنوں کو واضح پیغام دینا چاہتا ہوں جو ہمارے خلاف الیکشن لڑنا چاہتے ہیں آئیں ویلکم کرتے ہیں۔ الیکشنوں میں مخالفوں کو خوش آمدید کہتے ہیں، اب مارشل لاء لگانا آسان نہیں ہے، ہمیں اپنی سیاست سے عوام کی طرف کی چلنا ہے۔

 پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ اس وقت دنیا میں بہت سے مسائل چل رہے ہیں، میں پہلا سیاستدان تھا جس نے فلسطین کی بات کی تھی،آج فلسطین میں مسلمانوں کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے، افسوس کہ ہم کچھ نہیں کر رہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پتا ہے کہ بارڈر کے دوسری طرف مسلمانوں کے ساتھ کیا ہو رہا ہے، ہمیں اپنی سیاسی روایات پر چلنا ہے،آصف علی زرداری کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت معاشی طور پر کمزور ہو رہا ہے، ہم نے جب بھی بات کی ملک کی بات کی، ہماری اس دھرتی سے یاری ہے اور کسی سے نہیں ، ہم دنیا سے پاکستان کا حق لے کر رہیں گے۔

 اس موقع پر جی ڈی اے کو الوداع کہہ کر پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے سابق رکن سندھ اسمبلی سردار علی گوہر خان مہر نے آصف علی زرداری کی خانگڑھ گوہر پیلس آمد کے موقع پر استقبالیہ خطاب میں آصف علی زرداری کو اپنے خاندان اور ساتھیوں کی جانب سے خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پہلے ذوالفقار علی بھٹو نے بھی خانگڑھ آ کر میرے خاندان کو عزت بخشی تھی اور آج آصف علی زرداری بھی خانگڑھ تشریف لائے ہیں جو ہمارے لیے بے حد عزت کی بات ہے اور آج سے ہم سے آصف علی زرداری کے ساتھ ہیں۔ میں قبائلی بندہ ہوں آج آصف علی زرداری نے خان گڑھ ( گوہر پیلس ) آ کر ہمیں بہت زیادہ عزت بخشی ہے جس کا میں دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔

 سابق رکن سندھ اسمبلی سردار علی گوہر خان مہر نے کہا کہ پیپلزپارٹی آئندہ الیکشن میں گھوٹکی سمیت سندھ بھر میں کلین سویپ کرے گی۔ ضلع گھوٹکی کراچی کے بعد دوسرے نمبر پر ٹیکس ادا کرتا ہے اور سندھ کا امیر ترین ضلع ہے اس کے باوجود ضلع گھوٹکی سندھ کا سب سے پسماندہ ضلع ہے۔ 18 ویں ترمیم میں آصف علی زرداری نے چاروں صوبوں کو برابر کا حق دیا اور انشاء اللہ ضلع گھوٹکی کے مسائل بھی آصف علی زرداری ہی حل کریں گے۔

 اس موقع سابق ممبر قومی اسمبلی سردار محمد بخش خان مہر ، سابق ممبر قومی اسمبلی میر خالد احمد خان لنڈ ، سابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ، اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی ، سابق وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ ، سینیٹر وقار مہدی ، سینیٹر نثار احمد کھوڑو ، سابق ممبر قومی اسمبلی غوث بخش خان مہر ، سابق صوبائی وزرا ء سندھ عبدالباری خان پتافی ، سید ناصر حسین شاہ ، شرجیل انعام میمن ، سعید غنی ، علی نواز عرف راجا خان مہر ، مکیش کمار چاولہ ، منظور وسان ، سابق رکن سندھ اسمبلی شہر یار خان شر ، سید بچل شاہ اور پاکستان پیپلزپارٹی ضلع گھوٹکی کے صدر میر بابر خان لنڈ ، سابق چیئرمین ضلع کونسل گھوٹکی حاجی خان مہر ، احمد علی خان مہر و دیگر پی پی رہنما بھی موجود تھے۔