ہنگو ،2 نومبر( اے پی پی ): آئیو ڈین ملا نمک استعمال کر کے ہم بہت سی بیماریوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں،محکمہ صحت اور نیوٹریشن پروگرام کے اقدامات متاثر کن ہیں،آئیو ڈین کا استعمال روز کا معمول بنانا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر ہنگو فضل اکبر ،ڈسٹرکٹ نیوٹریشن کوآرڈی نیٹر محمد احمد نعیم،اے ڈی ہلال فوڈ اتھارٹی طاہر حبیب،ڈی ایچ او ہنگو اور دیگر نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال ہنگو میں آئیو ڈین کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں ڈاکٹروں،بلدیاتی نمائندوں،ای پی آئی سٹاف،بی آئی ایس پی نشوونما پروگرام کے سٹاف،نرسز، اور خواتین ،ایل ایچ ویز نے بھر پور شرکت کی۔تقریب میں مقررین نے آئیو ڈین کی افادیت پر روشنی ڈالی۔ ڈپٹی کمشنر فضل اکبر ،ڈی ایچ او،ڈسٹرکٹ نیوٹریشن کوآرڈینیٹر محمد احمد نعیم اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آئیو ڈین کے استعمال سے ہم متعدد بیماریوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں اس کے علاوہ اس کی افادیت کے متعلق سائنسدانوں اور ماہرین طب نے جو کچھ کہا ہے وہ ہمارے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئیو ڈین کے متعلق سماج میں منفی تاثر بے بنیاد ہے ایسے میں سول سوسائٹی آئیو ڈین کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔ڈپٹی کمشنر فضل اکبر نے کہا کہ ہنگو انتظامیہ محکمہ صحت اور نیوٹریشن پروگرام کے ذمہ داران کو آئیو ڈین کے متعلق عوامی آگاہی پروگرام میں بھر پور معاونت فراہم کرتی رہے گی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ہنگو فضل اکبر کی قیادت میں عوامی آگاہی واک ہوئی جس میں شرکا نے بھر پور شرکت کی۔ڈسٹرکٹ نیوٹریشن کوآرڈی نیٹر محمد احمد نعیم نے شرکا ءکا تقریب اور واک کو کامیاب بنانے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دور افتادہ دیہات میں آئیو ڈین کی افادیت اجاگر کرنے کے لیے سیمینارز اور تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا۔