لاہور،25دسمبر(اے پی پی ): نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اقلیتی برادریوں کے ساتھ حسن سلوک کا درس نبی پاک ﷺ نے دیا اور قائداعظم محمد علی جناح ؒ نے بھی کہا کہ مسلمان،مسیحی اور دیگر اقلیتیں سب اکٹھے ہیں، پاکستانی ہیں اور سب برابر ہیں ۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی پنجاب نے کابینہ کے ہمراہ کرسمس پر مسیحی برادری کی خوشیوں میں شریک ہوئے اورصوبائی وزراء کے ہمراہ سیکرڈ ہارٹ کیتھیڈرل چرچ لارنس روڈپر دعائیہ تقریب میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ محسن نقوی،صوبائی وزراء،انسپکٹر جنرل پولیس اور دیگر شخصیات نے مسیحی برداری کے ساتھ ملکر کرسمس کا کیک کاٹا۔آرچ بشپ آف لاہور،سبسٹین فرانسیسز شا نے وزیر اعلی محسن نقوی کو پھول پیش کئے اور دعا کرائی۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مسیحی برداری کو کرسمس کی مبارکباد دی اور کہا کہ کرسمس پر مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جڑانوالہ واقعہ کی جنتی بھی مذمت کی جائے کم ہے،جڑانوالہ واقعہ کے آخری ذمہ دارکو سزا ملنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،جڑانوالہ واقعہ میں متاثرہ گرجا گھروں اور متاثرین کے گھروں کوفوری طور پر بحال کیا گیا،جلائے گھروں کے مالکان کو مالی امداد دی گئی تاکہ ان کی اشک شوئی ہو سکے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ جڑانوالہ واقعہ کے بعد ایسے واقعات سے بچنے کے لئے پنجاب بھر میں میثاق سنٹر قائم کئے۔ آج لاہور میں سب سے بڑے میثاق سنٹر کا افتتاح کرنے جارہے ہیں۔تاریخ میں پہلی بار پنجاب کابینہ کا خصوصی اجلاس جڑانوالہ کے چرچ میں منعقد کیا گیا،اس اجلاس کا مقصد مسیحی برادری کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا تھا۔
وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کا پرچم اقلیتوں کے بغیر نامکمل ہے،سبز ہلالی پرچم سفید رنگ کے بغیر مکمل نہیں ہوتا۔پاکستان پرچم میں سفید رنگ اقلیتوں کیلئے ہے جبکہ سبز رنگ مسلمانوں کیلئے ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبہ میں مسیحی برادری کی گرانقدر خدمات ہیں جسے فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
صوبائی وزیر اوقاف اظفر علی ناصر،انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور، بادشاہی مسجد کے خطیب مولانا عبدالخبیر آزاداورآرچ بشپ آف لاہورسبسٹین فرانسیسز شا نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔صوبائی وزراء ایس ایم تنویر، منصور قادر،اظفر علی ناصر،ڈاکٹر جمال ناصر،ابراہیم حسن مراد،مشیروہاب ریاض،،انسپکٹر جنرل پولیس،سی سی پی او،سیکرٹری انسانی حقوق و اقلیتی امور، سیکرٹری اوقاف،سیکرٹری اطلاعات،کمشنر لاہورڈویژن،ڈپٹی کمشنر،علمائے کرام اورمسیحی برادری کی سرکردہ شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔











