پشاور، 25دسمبر(اے پی پی): سی سی پی او پشاور سید اشفاق انور نے آج مسیحی مذہبی تہوار کرسمس کے موقع پر پشاور شہر میں واقع مسیحی عبادت گاہوں کا دورہ کیا، اور کرسمس کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور اس خوشی کے موقع پر کرسچن کمیونٹی کیساتھ مذہبی تہوار کرسمس کا کیک بھی کاٹا۔
پشاور میں مسیحی مذہبی تہوار کرسمس کے لئے تمام مسیحی عبادت گاہوں کی فول پروف سیکیورٹی کیلئے خصوصی سکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے اور شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کا عمل جاری ہے۔ چرچز کے اطراف میں اونچی عمارتوں پر ماہر نشانہ بازوں کو بھی تعینات کیا گیا ہے جبکہ مسیحی عبادت گاہوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرتے ہوئے لیڈیز پولیس، واک تھرو گیٹس اور سنیفر ڈاگز فراہم کیے گئے ہیں۔شہر کے تمام مسیحی عبادت گاہوں کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی بھی کی جارہی ہے
سی سی پی او سید اشفاق انور نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کیپٹل سٹی پولیس پشاور اقلیتی برادری کے تحفظ سے غافل نہیں ہے اور اقلیتوں کے تحفظ اور خوشحالی کے لئے تمام تر توانائیاں بروئے کار لارہی ہے۔
اس موقع پر اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے رہنماوں نے مذہبی تہواروں کے موقع پر ان کو تحفظ فراہم کرنے پر پشاور پولیس کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔











