اسلام آباد، 7 دسمبر ( اے پی پی ): انڈسٹریل ایڈوائزری کونسل کا افتتاحی اجلاس جمعرات کو یہاں نگران وفاقی وزیر برائے تجارت و صنعت و پیداوار ڈاکٹر گوہر اعجاز کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں پاکستان کے معروف صنعتی گروپوں کے نامور سی ای او ز نے شرکت کی ۔
نگران وفاقی وزیر برائے تجارت و صنعت و پیداوار ڈاکٹر گوہر اعجاز نےاجلاس سے خطاب میں کہا کہ وژن پاکستان 100 ارب ڈالر کی برآمدات کا راستہ ہموار کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا ۔انہوں نے کہا کہ اہم مسائل کے حل کے لیے صنعت سے وابستہ رہنماؤں کی اجتماعی مہارت سے حل تلاش کئے جا رہے ہیں ۔
اجلاس کے دوران انڈسٹریل ایڈوائزری کونسل کے پرائیویٹ سیکٹر کے ہر ممبر نے اپنا نقطہ نظر پیش کیا ۔ اس موقع پر پریزنٹیشنز بھی دی گئیں جن میں صنعتی شعبے کو درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالی گئی اور اس کی بہتری کے لیے قابل قدرعملی تجاویز پیش کی گئیں۔
انڈسٹریل ایڈوائزری کونسل کے ممبران میں فواد احمد مختار، محمد علی ٹبہ، وقار احمد ملک، عبدالصمد داؤد، رضا منشا، شہزاد اصغر علی، سمیر چنائے، عامر فیاض شیخ، شہباز یاسین ملک، احسن بشیر، سید حیدر علی، اور فاروق نسیم شامل ہیں۔ کونسل کے سرکاری اراکین میں صنعت، تجارت اور خزانہ کے سیکرٹریز بھی شامل ہیں۔