لاہور۔3دسمبر (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے اتوار کو یہاں گورنر ہائوس میں ایس او ایس چلڈرن ویلج کے بچوں نے ملاقات کی۔گورنر پنجاب کی اہلیہ عائشہ بلیغ بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ گورنر پنجاب اور ان کی اہلیہ نے بچوں سے شفقت کا اظہار کیا جبکہ بچے گورنر پنجاب کو اپنے درمیان پا کر بہت خوش ہوئے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں، ایس او ایس چلڈرن ویلج کی انتظامیہ اور ساری ٹیم ان بچوں کی اچھی دیکھ بھال کرنے پر تعریف کی مستحق ہے۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کو تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ ان کی کردار سازی بھی بہت اہم ہے۔ گورنر پنجاب نے ایس او ایس چلڈرن ویلج کی انتظامیہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایس او ایس چلڈرن ویلج جیسے ادارے بے سہارا بچوں کی اچھی دیکھ بھال اورتعلیم و تربیت کر کے نیکی کا کام سر انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ بچے ایس او ایس چلڈرن ویلج جیسے اداروں میں بہتر تعلیم و تربیت کے بعد معاشرے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں اجتماعی طور پر ایسے بچوں کو معاشرے کا ایک فعال اور ذمہ دار شہری بنانے کے لئے اپنی استطاعت کے مطابق اپنا حصہ ڈالنا چاہیئے، ہمارا مذہب اسلام بھی ہمیں بے سہارا بچوں کے ساتھ شفقت اور محبت کا سلوک کرنے کا درس دیتا ہے۔
گورنر پنجاب نے بچوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ میں، میری اہلیہ اور گورنر ہائوس کا سارا سٹاف آپ کو گورنر ہائوس میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ سب روشن ستارے ہیں اور آپ کے آنے سے گورنر ہائوس روشن ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محنت کر کے معاشرے میں مقام پیدا کریں اور ہمیشہ انسانیت اور ملکی بہتری کی مثبت سوچ رکھیں اور لوگوں کی بھلائی کے لیے کام کریں۔
اس موقع پر نیشنل ڈائریکٹر ایس او ایس چلڈرن صبا فیصل اورچیئرمین ایس او ایس چلڈرن ویلج لبنی لاشاری بھی بچوں کے ہمراہ تھیں۔ گورنر ہائوس کی انتظامیہ نے بچوں کو گورنر ہائوس کا دورہ بھی کرایا۔