برسلز؛ پاکستانی سفیر آمنہ بلوچ کا سائنس ڈپلومیسی کے ذریعے یورپ کے ساتھ مضبوط روابط پر زور

8

برسلز،12 دسمبر(اے پی پی ):بیلجیئم، لکسمبرگ اور یورپی یونین میں پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ نے سائنس ڈپلومیسی کے ذریعے سائنس اور تحقیق میں تعاون کو بڑھا کر پاکستان اور یورپ کے درمیان مضبوط روابط پر زور دیا ہے ۔

پاکستانی سفارت خانے نے اس سلسلے میں سائنس ڈپلومیسی پر ایک نیٹ ورکنگ سیشن کی میزبانی کی جس میں برسلز میں انوویشن کے اہم اسٹیک ہولڈرز بشمول سائنس اتاشی، محققین اور یونیورسٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔اس تقریب میں پاکستان کے متحرک سائنس ڈپلومیسی کے منظر نامے کی نمائش کی گئی جس میں باہمی تحقیق کے مواقع بھی شامل تھے۔

سفیر آمنہ بلوچ نے کہا کہ سائنس ڈپلومیسی وزارت خارجہ کا ایک نیا اقدام ہے اور نیٹ ورکنگ سیشن اسی اقدام کی پیروی میں ہے۔

سفیر نے کہا کہ سائنس ڈپلومیسی کا مقصد پاکستان میں سائنس ڈپلومیسی کے شعبے میں جو کچھ ہو رہا ہے اسے یورپ میں مؤثر طریقے سے اجاگر کرنا اور یورپ میں ہونے والی تحقیق کو پاکستان سے جوڑنا ہے تاکہ دونوں خطوں اور قوموں کے فائدے کے لیے فائدہ اٹھایا جا سکے۔