بھارتی سپریم کورٹ کا استحقاق نہیں کہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ مسئلہ کشمیرتنازعہ کا فیصلہ کرے؛ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ

8

اسلام آباد،12دسمبر  (اے پی پی):نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ بھارتی سپریم کورٹ کا استحقاق نہیں کہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ کا فیصلہ کرے، کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہئے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو 12ویں قومی بلوچستان ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نگران وزیراعظم نے کہا کہ کشمیریوں کو ان کا قانونی حق خودارادیت ملنا چاہئے، کوئی سپریم کورٹ یا ہائیکورٹ اس بارے میں فیصلہ نہیں کر سکتی، یہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ مسئلہ ہے، ہر سطح پر کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی و سفارتی حمایت جاری رکھیں گے، یورپی یونین سمیت ہر عالمی فورم پر اس مسئلہ کو اٹھائیں گے۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ حکومت زراعت، فلمی شعبہ اور بلوچستان میں شاہراہوں سمیت تمام شعبوں کی ترقی کیلئے اقدامات کر رہی ہے، ملکی معیشت میں بہتری کیلئے ٹیکس نظام میں اصلاحات ناگزیر ہیں، کسی کو ملک میں امن و امان میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ خضدار کوئٹہ شاہراہ کا ٹینڈر ہو چکا ہے، صوبہ بلوچستان میں شاہراہوں کی صورتحال میں بہتری کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  بلوچستان بالخصوص گوادر میں گیس کے مسئلہ کے حل کیلئے کوشاں ہیں، 18ویں ترمیم کے بعد زراعت صوبوں کا معاملہ ہے، کچھی کینال پر جلد کام شروع ہو گا۔

 نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے تناظر میں مختلف منصوبے شروع کئے جا رہے ہیں، بلوچستان میں زرعی شعبہ میں وسیع مواقع موجود ہیں، ایس آئی ایف سی کے ذریعے زرعی شعبہ میں مختلف منصوبے زیر غور ہیں، نجی شعبہ سمیت سب کو سرمایہ کاری کیلئے سہولیات فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں، حکومت چین، ایران، متحدہ عرب امارات، سنٹرل ایشیاء کے ممالک سمیت تمام ممالک کے ساتھ مشترکہ منصوبوں کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ فلم، تھیٹر اور ڈرامے کی بہتری کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔

 وزیراعظم نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں آئی ٹی کے شعبہ میں بڑے پیمانے پر ملازمتوں کے مواقع ہیں، ہمیں اپنے نوجوانوں کو ان مواقع سے فائدہ اٹھانے کے قابل بنانا ہو گا، عوام کو خدمات کی فراہمی کیلئے اپنا ووٹ دینا چاہئے۔