کوئٹہ،12 دسمبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کرکٹر کامران اکمل نے کہا ہے کہ بلوچستان میں بڑا ٹیلنٹ ہے ، یہاں کے کھلاڑی ہر فورم میں بلوچستان سمیت پاکستان کا نام روشن کرسکتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ گرلز پوسٹ گریجویٹ کالج کوئٹہ کینٹ کی 70 سالہ تقریبات کے سلسلہ میں سالانہ سپورٹس ڈے کے موقع پرتقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ کامران اکمل نے اپنے خطاب میں کہا کہ جب بھی کوئٹہ آیا بڑا پیار و محبت ملا ، بلوچستان میں بڑا ٹیلنٹ ہے یہاں کے کھلاڑی ہر فورم میں جا کر بلوچستان سمیت پاکستان کا نام روشن کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گرلز کالج میں سپورٹس ایونٹ کا انعقاد ایک اچھا اقدام ہے ، اسی طرح ہر کالج یونیورسٹی میں سپورٹس ایونٹ ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی کالج سے کھیلنے والی لڑکی آج نیشنل لیول پر ویمن کرکٹ ٹیم میں کھیل رہی ہے ، یہ آپ سب کے لئے فخر کی بات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کرکٹ کی وجہ سے پاکستان کا نام پوری دنیا میں جانا جاتا ہے ۔
تقریب میں منصور احمد خان منیجر پاکستان کرکٹ بورڈ پی سی بی سمیت پرنسپل گورنمنٹ گرلز پوسٹ گریجویٹ کالج کوئٹہ کینٹ پروفیسر راحیلہ رمضان نے شرکت کی۔ تقریب میں کالجوں کے فزیکل ایجوکیشن کے فیکلٹی ممبران سمیت طالبات کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
کامران اکمل نے کامیاب پروگرام کے انعقاد کرنے پر کالج اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ سپورٹس ایونٹ میں ریس،کرکٹ، تائیکوانڈو فائٹ سمیت دیگر گیمز کھیلی گئی ۔ تقریب کے کامران اکمل نے جیتنے والی ٹیموں کو ٹرافیاں، میڈلز اور سرٹیفکیٹس سے نوازا گیا۔