بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام کے تحت  بلوچستان کے مریض  ملک بھر کے اسپتالوں میں مفت علاج کروا رہے ہیں؛ ڈاکٹر امیر محمد جوگیزئی

63

 کوئٹہ،14دسمبر(اے پی پی):نگراں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر امیر محمد جوگیزئی نے کہا  ہے کہ بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام کے تحت  بلوچستان کے مریض بلوچستان اور کراچی سمیت ملک بھر کے اسپتالوں میں بغیر ایک روپیہ خرچ کیے اپنی علاج کروا رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔نگراں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر امیر محمد جوگیزئی نے کہا کہ بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام، 23 نومبر کو وزیر اعلی بلوچستان میر علی مردان ڈومکی کی قیادت میں شروع کیا گیا جو کہ نگران حکومت کی ایک اہم کامیابی ہے اور بلوچستان ہیلتھ کارڈ الحمد للہ انتہائی کامیابی سے اپنی منازل طے کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  اس پروگرام کو ایک مہینہ اور گیارہ دن ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا بلوچستان ہیلتھ کارڈ کی سہولیات سے اب تک 8217 مریضوں نے ملک بھر کے 150 ہسپتالوں میں استفادہ حاصل کیا ہے جس پر اب تک 32 کروڑ روپے کا خرچہ آچکا ہے، ہر روز اوسطاً 205 مریضوں کے داخلے ہو رہے ہیں۔

 نگراں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر امیر محمد جوگیزئی نے کہا  کہ آج ہم نے نادرہ تصدیقی کال سنٹر کا بھی باقاعدہ طور پر افتتاح کیا ہے جہاں مریض کو ڈسچارج ہونے کے بعد کال کر کے علاج کی شفافیت اور معیار کو برقرار رکھنے کے لئے معلومات لی جائے گئی ۔