اسلام آباد ،14دسمبر(اے پی پی ): چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے کہا ہے کہ ‘‘بی آئی ایس پی سیونگ سکیم’’ بچتوں پر توجہ دے کر ملک میں غربت کے منظر نامے کو بدل دے گی جس سے لوگوں کو خود انحصار بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔
جمعرات کو چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ڈاکٹر امجد ثاقب نے بی آئی ایس پی سیونگ سکیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سکیم کے تحت پاکستان کے منتخب اضلاع سے پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر تقریباً 150,000 افراد کا انتخاب کیا جائے گا تاہم مستقبل میں اس سکیم کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مائیکرو فنانس غربت کے خاتمے کے لیے اہم ترین حکمت عملیوں میں سے ایک ہے جس کا مطلب ہے کہ غریبوں کو قرض، بچت، انشورنس، رقم کی منتقلی وغیرہ کی شکل میں مالیاتی خدمات کی فراہمی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکریٹری بی آئی ایس پی ڈاکٹر طاہر نور نے کہا کہ بی آئی ایس پی سیونگ سکیم کو ایک ہائبرڈ سماجی تحفظ کے اقدام کے طور پر شروع کیا گیا ہے تاکہ کمزور کمیونٹیز کی مدد کی جا سکے اور انہیں خود مختار بنایا جا سکے۔
تقریب میں عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک، یونیسیف، جی آئی زیڈ، جرمن کارپوریشن، وزارت برائے غربت کے خاتمے اور سماجی تحفظ کے ذیلی اداروں کے نمائندوں اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔ بی آئی ایس پی پورٹل کے ذریعے سیونگ سکیم میں حصہ لینے والی ضرورت مند خواتین میں اسناد تقسیم کی گئیں۔











