اسلام آباد،14 دسمبر(اے پی پی ): چائنا پاکستان سٹڈی سنٹر کے زیر اہتمام “سی پیک کے دس سال، پاکستان کا مستقبل اور سیاسی صورت حال” کے موضوع پر پیوٹ میگزین کے خصوصی شمارہ کی تقریب رونمائی جمعرات کو یہاں انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹیجک سٹدیز میں منعقد ہوئی ۔ تقریب میں چین کے لئے پاکستان کے سابق سفیر خالد مسعود، چین کے لئے پاکستان کے سابق سفیر نغمانہ ہاشمی، چائنا پاکستان سٹڈی سنٹر کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر طلعت شبیر، انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹیجک سٹڈیز کے ڈائریکٹر جنرل سفیر سہیل محمود، اسلام آباد میں چین کے سفارت خانے میں سیاسی اور صحافتی امور کے کاونسلر باو ژنگ اور دیگر نے خطاب کیا۔
پاکستان کی معیشت اور زندگی کے دوسرے شعبوں پر سی پیک کے اثرات کا جامع احاطہ کرنے والے جریدہ پیوٹ کے اس خصوصی شمارہ میں پاکستان اور چین کے دو طرفہ تعلقات پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ جریدہ میں علاقائی صورت حال، سی پیک کا تصور سے حقیقت کی طرف سفر، معاشی ترقی کے اہداف، مجموعی ترقی، علاقائی روابط ااور خوشحالی کے بارے میں تفصیل سے لکھا گیا ہے۔











