سکھر،02دسمبر(اے پی پی):چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ڈاکٹر محمدامجد ثاقب نے کہا ہے کہ بی آئی ایس پی کا مقصد ضرورت مند گھرانوں کی غربت میں شدت کو کم کرنا ہے،بی آ ئی ایس پی93 لاکھ غریب گھرانوں کا سہارا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو سکھر میں بی آ ئی ایس پی تحصیل آفس کے دورے اور بعدازاں بی آئی ایس پی ملازمین سے خطاب میں کیا۔ڈاکٹر امجد ثاقب نے ملازمین کو ضرورت مند خواتین کے حقوق کی آ گاہی کی تربیت دینے اور ضرورت مند گھرانوں کو غربت سے باہر نکالنے کی حکمت عملی پر زور دیا اور کہا کہ غریب گھرانوں کے بچوں کو فنی مہارت کے شعبوں سے منسلک کیا جائے۔
ڈاکٹرمحمدامجد ثاقب نے مستحق افراد کو غربت سے نکالنے کے لیے چھوٹے کاروبار شروع کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات، مواخات کے اصولوں کو اپناتے ہوئے غریب گھرانوں کی فلاح وبہبود کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے ضرورت مند گھرانوں کے معاشی حالات کی بہتری کیلئے وقف فنڈ کے قیام کی تجویز بھی پیش کی۔
ڈاکٹرمحمد امجد ثاقب نے ملازمین کو دفاتر میں صفائی کا معیار برقرار رکھنے اور ضرورت مند خواتین کیساتھ حسن سلوک سے پیش آ نےکی تلقین کی اور کہا کہ کفالت وظائف کی ادائیگیوں کو بلا کٹوتی یقینی بنایا جائے۔انہوں نے ضرورت مند گھرانوں کو وظائف کی شفاف ادائیگیوں کیلئے پی او ایس ایجنٹس کیساتھ ڈائیلاگ کی ضرورت پر زور دیا اور عملے کو وظائف کی تقسیم کے دوران سخت نگرانی کی ہدایت کی۔











