لاہور، 14 دسمبر(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے کہا ہے کہ تعلیم کے ساتھ تربیت کا پہلو بہت اہم ہے، زندگی کے مثبت پہلو کو دیکھیں اور شکر گزار بنیں، ہم اپنے وطن اور مٹی کا حق ادا نہیں کر سکتے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان ریذیڈنشل کالج لورا لائی کے طلبہ اور اساتذہ کے وفد اے گفتگو میں کیا، جنہوں جمعرات کو یہاں فاروق کاکڑ کی سربراہی میں گورنر سے ملاقات کی۔ وفد میں صوبہ بلوچستان کے 31 اضلاع کے بچے شامل تھے۔
اس موقع پر گورنر پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے ساتھ تربیت کا پہلو بہت اہم ہے زندگی کے مثبت پہلو کو دیکھیں اور شکر گزار بنیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ہم اپنے وطن اور مٹی کا حق ادا نہیں کر سکتے۔انھوں نے کہا کہ قرآن مجید میں تفکر اور تدبر کا کہا گیا ہے۔ سنی سنائی باتوں پر یقین نہ کریں۔ ایک تعلیم یافتہ شخص ہر چیز کو اپنے ذہن کی کسوٹی پر پرکھتا ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ 2018 سے پہلے لیپ ٹاپ سکیم میں بلوچستان کے طلبہ کا نہ صرف حصہ رکھا گیا بلکہ ان میں ریکارڈ لیپ ٹاپس تقسیم کیے گئے۔ لیپ ٹاپ جیسی شفاف اور عوامی فلاح کی سکیم کو 2018 کے بعد بند کر دیا گیا۔
اس موقع پر طلبہ کی طرف سے لیپ ٹاپس کے مطالبے پر گورنر پنجاب نے بلوچستان ریذیڈینشل کالج لورا لائی کے طلبہ کو میرٹ پر لیپ ٹاپس دینے کے لیے پنجاب حکومت کو متوجہ کرانے کی یقین دہانی کرائی ۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ 2013 سے 2018 کے درمیان صوبہ بلوچستان کو ترقی کے دھارے میں لانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے۔ بلوچستان کے طلبہ کے لیے پنجاب کی جامعات اور میڈیکل کالجز میں خصوصی کوٹہ رکھا گیا ہے۔











