تھیلیسیمیا کیئر سینٹر،تھیلیسیمیا متاثرہ  بچوں کو مفت بلڈ فراہم کرنے والا  منفرد ادارہ

189

بھکر،12 دسمبر(اے پی پی ):تھیلیسیمیا کیئر سینٹر،جنوبی پنجاب میں واحد اپنی نوعیت کا منفرد ادارہ ہے جو پنجاب پولیس اور ضلعی حکومت کے تعاون سے چلنے والا  رجسٹرڈبھکر تھیلسیمیا کیئر سینٹر ہے جہاں پر قریبی اضلاع میانوالی، ڈیرہ اسماعیل خان اور لیّہ کے مریض بھی علاج کے لئے لائے جاتے ہیں۔

ڈی پی او بھکر محمد نوید قریشی کے مطابق تھیلیسیمیا کے 400 سے زائد مریض بچوں  کو نہ صرف مفت خون لگایا جاتا ہے بلکہ یہاں ادویات بھی مفت فراہم کی جاتیں ہیں اور ضرورت پڑنے پر ضلع کے بہترین اور سینئر سرجن ڈاکٹر مظہر بلوچ متاثرہ بچوں کی بڑھتی ہوئی تلی کا مفت آپریشن بھی کرتے ہیں۔

اس سینٹر میں  پولیس کے جوانوں اور یونیورسٹی کے طلباء کی جانب سے مفت بلڈ فراہم کیا جاتا ہے، اپنی مدد آپ کے تحت چلنے والا یہ ادارہ جنوبی پنجاب میں اپنا ایک اہم مقام حاصل کر چکا ہے، اس سنٹر کی 2017 میں ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے ہسپتال میں بنیاد رکھی گئی تھی جہاں اب سینکڑوں بچے  علاج سے مستفید ہو رہے ہیں۔

ڈی پی او محمد نوید قریشی نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تھیلیسیمیا مریض بچے کی خواہش پر ایک دن کے لئے ڈی پی او بنایا گیا تھا، مزید پولیس کی جانب سے تعاون جاری رہے گا ،ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیل سپریٹر مشین بھی مہیا کردی گئی ہے۔