لاہور، 8 دسمبر(اے پی پی): وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل، اعلیٰ معیار اور منصوبوں کی ٹائم لائن کے اندر تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔
وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے محکمہ تعمیرات ومواصلات کا دورہ کیا اور تاریخ میں پہلی بار محکمہ تعمیرات و مواصلات میں اجلاس کی صدارت کی اور صوبے کے عوام کی فلاح وبہبود کیلئے جاری منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے محکمہ تعمیرات و مواصلات کے مختلف شعبے دیکھے اور عمارت کی تعمیر و بحالی کے کام کا جائزہ بھی لیا ۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے قدیم عمارت کو اصل حالت میں بحال کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ 1908 میں تعمیر کردہ عمارت کی تاریخی حیثیت کو برقرار رکھا جائے ۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کی ہدایت دی اور کہا کہ ڈویلپمنٹ پراجیکٹس میں اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے۔ انھوں نے کہا کہ محکمہ تعمیرات ومواصلات ہماری سٹرائکنگ فورس ہے ۔ محکمہ تعمیرات و مواصلات کے افسران اور عملہ محنت سے کام جاری رکھیں اور منصوبوں کی ٹائم لائن کے اندر تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔
سیکرٹری تعمیرات ومواصلات نے محکمے کے امور ، کارکردگی اور ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں وزیراعلی کو بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ جون 2023 سے اب تک 925 افسروں اور ملازمین کو ترقی دی گئی ہے ۔ سیکرٹری صحت نے ہیلتھ سیکٹر میں جاری ترقیاتی پروگرامز اور ہسپتالوں کی آپ گریڈیشن کے پروگرام پر پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ صوبے بھر میں ہسپتالوں کے 15000 سکوائر فیٹ کی اپ گریڈیشن کا کام جاری جن پر 46 ارب روپے خرچ ہوں گے۔
صوبائی وزراء، عامر میر،اظفر علی ناصر، بلال افضل، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹریز ہاؤسنگ، صحت،اوقاف، جنگلات اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔