حج 2024 کے سلسلے میں بہترین سہولیات کی فراہمی پر سعودی حکومت کے شکر گزار ہیں؛انیق احمد

46

 

اسلام آباد،16 دسمبر (اے پی پی ): وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا کہ حج 2024 کے سلسلے میں بہترین سہولیات کی فراہمی پر سعودی حکومت کے شکر گزار ہیں، روڈ ٹو مکہ منفرد سہولت، حجاج کی مقامی سطح پر سعودی کسٹم اور ایمیگریشن سعودی حکومت کا بہترین فیصلہ ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی سفیر نواف سعیدالمالکی سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ملاقات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ، حج انتظامات، روڈ ٹو مکہ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا کہ سعودی تعلیمات کے مطابق امسال حج انتظامات کو جلد مکمل کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزارت مذہبی امور عازمین حج کو پہلے سے بہتر سہولت فراہم کرے گی،حجاج کرام کی آسانی کیلئے مثالی اور لائق تحسین اقدامات کرنے پر سعودی حکومت کے ممنون ہیں۔

انیق احمدنے کہا کہ حج انتظامات کے جائزے کیلئے جنوری میں خود سعودی عرب کا دورہ کرونگا،سعودی پاک تعلقات خلوص، محبت اور بھائی چارے پر قائم ہیں۔انہوں  نے کہا کہ وزارت مذہبی امور کے ساتھ ہر قدم پر تعاون جاری رکھنے پر سعودی سفیر نواف سعید المالکی کے شکر گزار ہیں۔

سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے کہا کہ  پاکستانی عازمین حج کی سہولت اور آسانی کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا،زائرین کی سہولت و حفاظت کے پیش نظر انتظامات میں جدت لا رہے ہیں۔