لاہور، 15 دسمبر ( اے پی پی ): سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید کی زیر صدارت سمارٹ پولیس سٹیشنز بنانے کیلئے اجلاس کا انعقاد ہوا۔ اجلاس میں ڈی سی لاہور، سیکرٹری لیبر ڈیپارٹمنٹ، اے ڈی سی آر لاہور، ایس ایس پی ایڈمن لاہور اور دیگر حکام نے شرکت کی علاوہ ازیں ممبر کالونیز محمد خان رانجھا اور سیکرٹری بورڈ آف ریونیو بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر سمارٹ پولیس سٹیشنز کے قیام کیلئے اراضی فراہم کرنے کیلئے ورکنگ کا آغاز کیا گیا۔ کمیٹی نے ایس ایم بی آر کو تھانوں کی اراضی کے سروے بارے بریفنگ دی۔
ترجمان کے مطابق لاہور کے 22 تھانوں کی جگہ مختلف صوبائی محکموں سے پولیس کو ٹرانسفر کیا جا رہا ہے، ایس ایس پی ایڈمن نے ایس ایم بی آر کو سمارٹ پولیس سٹیشنز کے قیام پر بریفنگ دی۔
ایس ایم بی آر نبیل جاوید نے مختلف محکموں کو اراضی ٹرانسفر کرنے کی ہدایات جاری کیں، ایس ایم بی آر نبیل جاوید نے کہا کہ قانونی تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھ کر جلد از جلد ٹرانسفر کا عمل مکمل کریں، وزیر اعلیٰ پنجاب کی واضح ہدایات ہیں تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔











