سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کا اجلاس

44

اسلام آباد،22دسمبر (اے پی پی ) :سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کا اجلاس سینیٹر عرفان صدیقی کی زیرصدارت آج پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں یونیورسٹی اساتذہ کے سروس سٹرکچر اور پروموشن پالیسی کی عدم موجودگی کے معاملے پر تفصیلی بحث کی گئی۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ اس معاملے پر ایچ ای سی کی ایک کمیٹی کام کر رہی ہے اور کمیٹی جلد “یونیفارم سروس اسٹرکچر” کے حوالے سے اپنی سفارشات پیش کریگی۔ چیئرمین کمیٹی سینیٹر عرفان صدیقی نے ایچ ای سی حکام کو اس حوالے سے 15جنوری 2024 ءتک کام مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔

ڈیلی ویجز پر کام کرنے والے اساتذہ کو مستقل کیے جانے کے حوالے سے کمیٹی کو بتایا گیا کہ 137 اساتذہ کی مستقلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جبکہ ایف پی ایس سی کا امتحان پاس کرنے والے 223 اساتذہ کی سفارشات کو سمری کی صورت میں منظورِی کے لیے کابینہ کو ارسال کردیا گیا ہے ۔

 چیئرمین قائمہ کمیٹی سینیٹر عرفان صدیقی نے وفاقی اردو یونیورسٹی کی زبوں حالی پر تحفظات کا اظہارکیا اور چیئرمین ایچ ای سی کو ہدایت دی کہ وزارت کے ساتھ مل کر قانونی نکتوں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے اس کے علاوہ انہوں نے اسلام آباد کے نجی تعلیمی اداروں سے متعلق پیرا سے رپورٹ بھی طلب کر لی۔