علم اور استاد کا رشتہ لازم و ملزوم ہے، کتاب پڑھنے کے کلچر کو فروغ دینے کیلئے تحقیقی شعبے پر توجہ دینا ہوگی؛ ڈاکٹر عارف علوی

20

 

لاہور،15دسمبر  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ علم اور استاد کا رشتہ لازم و ملزوم ہے، کتاب پڑھنے کے کلچر کو فروغ دینے اورآگے بڑھنے کے لیے تحقیق کے شعبے پر توجہ دینا ہوگی، جدید ٹیکنالوجی نے تعلیم کا حصول آسان کر دیا ہے، یورپ نے علم کے دروازے کھول کر ترقی کے اہداف حاصل کیئے۔

 وہ جمعہ کو  یہاں مقامی ہوٹل میں پہلے ڈاکٹر جمیل جالبی ادبی ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ کتابوں کا شوق بہت ضروری ہے  لیکن آج کی دنیا میں یہ بہت کم ہو گیا ہے ،ہماری مصروفیات بہت بڑھ گئی ہیں، اس وجہ سے ہماری کتابوں میں دلچسپی کم ہو گئی ہے، آگے بڑھنے کے لیے تحقیق کے شعبے پر توجہ دینا ہوگی۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ علم پہلے زبانی طور پر چلا ،پھر دیواروں پر لکھ کر چلا جبکہ پہلا پرنٹنگ پریس مسلمانوں نے استنبول میں لگایا اور جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم کا حصول آسان بنا دیا،یورپ نے علم کے دروازے کھول کر ترقی کے اہداف حاصل کیے ،جب تک ہم اس کی پیروی نہیں کرینگے پیچھے رہ جائینگے۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ ادبی سرگرمیوں کے حوالے سے کاوشیں کرتے ہیں میں ان کی تعریف کرتا ہوں اور ان کاوشوں کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے تنقیدی سوچ کو فروغ دینے میں ادب کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے زندگی میں ہم آہنگی کے توازن پر زور دیا ۔انہوں نے اردو ادب کو فروغ دینے کی کوششوں کو سراہا۔

صدر مملکت نے ادب کے فروغ میں تقریب کے کردار کو سراہتے ہوئے کتاب پڑھنے کے زوال پذیر رجحان پر بھی زور دیا اور ڈاکٹر خاور جمیل کو اردو ادب میں ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ادب کی پائیدار قدر کی تعریف کی۔

اس موقع پریاسمین حمید کو “جنوبی ایشیا کی منتخب  نظمیں  ” کے ترجمہ پر خرم شہزاد کو تحقیق و تنقید اور نسیم جعفری کو بچوں کے ادب کے لیے ایوارڈز سے نوازا گیا۔