تمام بڑے ہسپتالوں کی حالت بہترین کرنے کی کوشش کررہے ہیں، ہمارا جو فرض ہے ہم پورے کریں؛ نگران وزیراعلیٰ پنجاب

5

 

لاہور، 15دسمبر(اے پی پی): نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی نے کہا ہے کہ ڈاکٹروں کا شعبہ عبادت کا شعبہ ہے جس کے جتنی قدر کریں وہ کم ہے، تمام بڑے ہسپتالوں کی حالت بہترین کرنے کی کوشش کررہے ہیں، ہمارا جو فرض ہے ہم پورے کریں گے، بڑی امید ہے کہ ڈاکٹرز بھی اپنا فرض پورا کریں گے۔

کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے 43 ویں اجلاس سے خطاب میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی نے  کہا کہ ڈاکٹرز کا  پیشہ  عبادت کے مترادف ہے جتنی بھی قدر کی جائے کم ہے۔ دن رات کام کرنے والے ڈاکٹر، نرسیں اور پیرا میڈیکل سٹاف قابل تحسین ہیں۔  انہوں نے اعلان کیا کہ 31جنوری تک ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن مکمل کرلیں گے۔

  سید محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر اونر شپ نہیں لیں گے تو ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے پراجیکٹ ضائع جائیں گے،ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن ہمارا فرض ہے ہم پورا کررہے ہیں، کنگ ایڈورڈ پاکستان کے بہترین اداروں میں سے ایک ہے۔ کنگ ایڈورڈ سے منسلک ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو بہترین ماحول فراہم کیا جائے گا۔ کنگ ایڈورڈ سے منسلک تمام ہسپتال کی اپ گریڈیشن کی جارہی ہے جو کہ ایک دو ماہ میں مکمل ہوجائے گی۔

قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پہنچے جہاں انہوں نے 13ویں سالانہ 5 روزہ انٹرنیشنل سائنٹیفک کانفرنس کا بطور مہمان خصوصی افتتاح کیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے سرجیکل ٹاور ڈاکٹر فیصل مسعود کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیا۔

  وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج کے طلبہ اور اساتذہ کے اسٹالز کا بھی معائنہ کیا، وزیر اعلیٰ نے دماغ میں رسولی کی نشاندہی کرنے والا  برین ٹیومر ڈیٹیکٹر او سی ٹی پائی تھون کا معائنہ کیا، کنگ ایڈورڈ کے ڈاکٹرز کا تیار کردہ لیپروسکوپی سٹملیٹر دیکھا۔

وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے پلاسٹک سرجری مقامی طور پر تیارکردہ سرجیکل انسٹرومنٹ کا بھی معائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ سید محسن نقوی نے شاٹیکا پین کے لئے تیار کردہ خصوصی مشین کا بھی جائزہ لیا۔

وزیر اعلیٰ سید محسن نقوی کو کنگ ایڈورڈ کے بیرون ملک فارغ التحصیل ڈاکٹرز نے ہزاروں ڈالر کی عطیات پیش کیں، کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج یونیورسٹی کے لئے ڈونیشن دینے والے فارغ التحصیل ڈاکٹرز کو شیلڈز بھی دی گئیں۔  وائس چانسلر  کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز نے طلبااور فیکلیٹی کی طرف سے وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔