قومی احتساب بیورو  راولپنڈی نے آرائیں  ہاؤسنگ سوسائٹی  سے 60 کروڑ روپے کی رقم برآمد کر کے  450 متاثرین  میں تقسیم  کردی

34

اسلام آباد،04دسمبر  (اے پی پی):قومی احتساب بیورو (نیب)راولپنڈی نے آرائیں  ہاؤسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ سے 60 کروڑ روپے کی رقم برآمد کر کے  450 متاثرین  میں تقسیم کردی ہے۔ پیر کو  متاثرین میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب نیب  راولپنڈی میں منعقد کی  گئی جس کے مہمان خصوصی ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر تھے ۔ نیب نے آرائیں  ہاؤسنگ سوسائٹی انتظامیہ سے   60  کروڑ ریکوری کی ۔    نیب راولپنڈی کی فراڈ مقدمات میں یہ تاریخ کی سب سے بڑی ریکوری ہے، برآمد رقم متاثرین کو سکروٹنی کے بعد واپس کی جا رہی ہے، ہاؤسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ نے پلی بارگین کے لیے درخواست دائر کی تھی ، ملزم نے پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا پر غیر قانونی سوسائٹی کی تشہیر کی، ملزم  نے ہاؤسنگ سوسائٹی کے این او سی کے لیے اپلائی ہی نہیں کیا تھا، نیب کا اولین فریضہ متاثرین کی لوٹی ہوئی رقم واپس دلانا ہے۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر  نے کہا کہ نیب نے متاثرین کو لوٹی گئی رقم واپس دلوا کر اپنا فرض اد ا کیا ہے ۔ چیئرمین نیب متاثرین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  نیب متاثرین سے لوٹی گئی رقم واپس دلانے کے لئے پر عزم ہے، نیب بلا تخصیص احتساب پر یقین رکھتا ہے، پوری توجہ بدعنوانی کیسز پر ہے ،  نیب کے تمام افسران کیسز کو میرٹ پر حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ نیب اور میڈیا میں ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں فراڈ اور دھوکہ دہی سے متعلق مسلسل آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے تاہم لوگ پھر بھی جعلی اور غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں سرمایہ کاری کرتے ہیں، لوگوں کو کسی بھی ہاؤسنگ سوسائٹی میں سرمایہ کاری سے قبل اس کی قانونی حیثیت کے بارے میں جانچ پڑتال کرنی چاہئے اور صرف قانونی اور رجسٹرڈ ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے ۔ ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ سماجی انصاف اور اچھے برتاؤکی ضرورت ہے  اس سے ہی مسائل کو عوامی سطح پر حل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب اپنی ذمہ داریوں کو بھرپور طریقے سے ادا کرے گا تاہم  سب کو بھی اپنا خود  احتساب کرنا چاہیے۔ ڈی جی نیب راولپنڈی کی قیادت میں نیب کی تفتیشی افسر بینش جاوید نے قابل تعریف کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ساٹھ کروڑ کی ریکوری یقینی بنائی ۔

ڈی جی نیب راولپنڈی  مرزا عرفان بیگ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ   پاکستان کانام ایف اے ٹی ایف کی  گرے لسٹ سے نکالنے میں  نیب نے کلیدی کرداد ادا کیا، ‏‎نیب نے ملک سے کرپٹ عناصر اور بدعنوانی کے خاتمے کا تہیہ کر رکھا ہے ،‏‎ نیب کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آرائیں ہاؤسنگ سوسائٹی کے متاثرین میں برآمد کی گئی رقم تقسیم کی گئی ہے ، کسی کا ناجائز طریقے سے مال کھانے کی کسی مذہب یا قانون میں اجازت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب نہ صرف اپنی قانونی ذمہ داریاں پوری کر رہا ہے بلکہ  عزت واحترام کے ساتھ سائلین کی شکایات کا  ازالہ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل کی بڑی وجہ معاشرتی سطح پر کرپشن ہے، ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ اس برائی کی روک تھام کےلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے اپنے قیام سے اب تک مجموعی طور پر 6 ارب روپے سے زائد کی ریکوری کی ہے۔ 50 ہزار سے زائد متاثرین کو ان کی لوٹی گئی رقم واپس دلوائی۔ اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر اور ڈی جی نیب راولپنڈی مرزا عرفان بیگ نے متاثرین میں چیک تقسیم کئے۔