مربوط ٹریفک سسٹم، قوانین پر بہتر عملدر آمد ریاست کے نظام اور مہذب قوم کے مزاج کی عکاسی کرتا ہے، آئی جی پنجاب

42

لاہور، 06 دسمبر(اے پی پی): سنٹرل پولیس آفس میں سینئر ٹریفک وارڈن کے عہدے پر ترقی پانے والے ٹریفک افسران کو رینک لگانے کی تقریب منعقد ہوئی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ترقی پانے والے 50 سے زائد ٹریفک وارڈنز کو پروموشن رینکس لگائے۔ آئی جی پنجاب نے پروموٹ ہونے والے ٹریفک وارڈنز کو دلی مبارک باد دیتے ہوئے مزید تندہی سے فرائض ادائیگی کا حکم بھی دیا۔

آئی جی پنجاب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مربوط ٹریفک سسٹم، قوانین پر بہتر عملدر آمد ریاست کے نظام اور مہذب قوم کے مزاج کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک وارڈنز میرے دل کے بہت قریب ہیں، محبت و شفقت کا دیرینہ رشتہ ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ویلفیئر اینڈ پروموشن کے حوالے سے ٹریفک پولیس میری اولین ترجیح ہے۔

 آئی جی پنجاب نے کہا کہ تریفک وارڈنز کی پروفیشنل گروتھ کیلئے ڈی ایس پی رینک پر ترقی کی 25، ایس پی رینک کی 10 سیٹیں مختص کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر خدمات انجام دینے والے ٹریفک وارڈنز پنجاب پولیس کے حقیقی ایمبیسڈر ہیں، سڑکوں پر ٹریفک پولیس کا رویہ اہمیت کا حامل ہے، ٹریفک پولیس پروفیشنل ازم سے پورے محکمہ کی نمائندگی کرتی ہے، آئی جی پنجاب نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ محکمانہ ترقی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں میں اضافہ ، نئے جوش و ولولے کے ساتھ شہریوں کی خدمت کریں۔ فرائض کی بہترین ادائیگی سے ان ترقیوں کا فائدہ شہریوں کو منتقل کریں۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب شہریوں کے ساتھ بھی خندہ پیشانی سے پیش آئیں۔ ٹریفک کی ہموار روانی،حادثات کی روک تھام یقینی بنانے کیلئے قوانین پر عمل در آمد یقینی بنائیں۔

 ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری، ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ڈاکٹر انعام وحید خان، اے آئی جی ڈسپلن احسن سیف اللہ اور اے آئی جی ایڈمن عمارہ اطہر نے تقریب میں شرکت کی۔