نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی کویت کے نئے امیر شیخ مشعل الاحمد الصباح سے ملاقات ،نواف الاحمد الجابر الصباح کے انتقال پر تعزیت کا اظہار

7

 

کویت سٹی،18دسمبر  (اے پی پی):نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ امیر کویت نواف الاحمد الجابر الصباح کے انتقال پر تعزیت کے لیے کویت گئے جہاں انہوں نے کویت کے نئے امیر شیخ مشعل الاحمد الصباح سے ملاقات کی اور پاکستان کی حکومت اور عوام کی طرف سے نواف الاحمد الجابر الصباح کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔

 اس موقع پر نگران وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستانی قوم دکھ اور غم کی اس گھڑی میں اپنے کویتی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے  کہا کہ نواف الاحمد الجابر الصباح کے انتقال سے ریاست کویت نے ایک ایسے رہنما کو کھو دیا ہے جنہوں نے اپنی بصیرت سے کویت کو ایک خوشحال ریاست میں تبدیل کیا، انہیں پاکستان کے خیر خواہ اور دوست کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔

 شیخ مشعل الاحمد الصباح نے دکھ کی اس گھڑی میں کویت کے عوام کے ساتھ کھڑے ہونے پر پاکستان کی قیادت، حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان اور کویت تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔