سیالکوٹ،13دسمبر (اے پی پی):نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی نے سیالکوٹ کا دورہ کیا اور پنجاب انٹر میڈیٹ سٹیز امپروومنٹ انویسٹمنٹ پروگرام (پیسپ)کے تحت جاری میگا پراجیکٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیا ، اپنے اس دورے کے دوران انہوں نے علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال،سردار بیگم ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ کا بھی دورہ کیا اور ان ہسپتالوں کی بحالی کے کام کا بھی جائزہ لیا۔
اس دوران ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کیپٹن (ر) شاہ میر اقبال اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سیالکوٹ محمد حسن اقبال بھی انکے ہمراہ تھے۔ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی نے دورہ سیالکوٹ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کیپٹن (ر) شاہ میر اقبال فلاحی پراجیکٹس کی تکمیل کیلئے اپنی ذمہ داریاں بہترین انداز میں ادا کررہے ہیں۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کی کاوشوں کو زبردست سراہا۔
پنجاب انٹر میڈیٹ سٹیز امپروومنٹ انویسٹمنٹ پروگرام (پیسپ)کے تحت جاری میگا پراجیکٹس کی کارکردگی کے جائزےکے دوران ان منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے پنجاب انٹر میڈیٹ سٹیز امپروومنٹ انویسٹمنٹ پروگرام (پیسپ) کے پروگرام ڈائریکٹر حمزہ سالک نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو بتا یا کہ میگا واٹر اینڈ سینیٹیشن پراجیکٹ کے تحت 14 ٹیوب ویلز میں سے 11 بنائے جا چکے ہیں ، پراجیکٹ کے تحت 5 نئے اوور ہیڈ ریزروائر مکمل کئے جا چکے ہیں اور 141 کلومیٹر تک واٹر سپلائی لائن بھی بچھائی جا چکی ہے، سیوریج پراجیکٹ کے تحت 21 کلومیٹر تک سیوریج لائن بچھائی جا چکی ہے اور 3۔3 کلومیٹر تک کنڈوٹس پر کام مکمل ہو چکا ہے، فورس مین اور ڈسپوزل سٹیشن پہ 31 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، اسی طرح ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پر بھی 9 فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے، شہاب پورہ فلائی اوور پر 16 فیصد کام مکمل ہو چکاہے، پارکنگ شیڈز کے80 میں سے 16 یونٹ تیار کئے جا چکے ہیں اور 11 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ پیسپ پراجیکٹ کے تحت پیرس روڈ، ڈیفنس روڈ، خادم علی روڈ اور کشمیر روڈ مکمل کی جاچکی ہیں اور عوام کے لئے کھول بھی دی گئی ہیں جبکہ بقیہ سڑکوں پررواں ماہ دسمبر کے آخر تک کام مکمل کر لیا جائے گا، اس کے علاوہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے لئے 1086 یونٹ فراہم کئے جا چکے ہیں۔ پیسپ پراجیکٹ کے تحت چار میں سے تین پارکس کی بحالی کا کام مکمل ہو چکا ہے اور وہ سیالکوٹ میونسپل کارپوریشن کے حوالہ بھی کئے جا چکے ہیں جبکہ گلشن اقبال پارک کا 98 فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے۔
اس موقع پر چیئرمین بورڈ آف گورنرز خواجہ صفدر میڈیکل کالج غلام مصطٖفیٰ چوہدری، پرنسپل خواجہ صفدر میڈیکل کالج حافظ ڈاکٹر عبدالستار، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ، اسسٹنٹ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد شکیل اور چیف انجنیئر پیسپ بھی یہاں موجود تھے۔