نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کا مزار بی بی پاکدامن کا دورہ ، مزار کی تزئین وآرائش وتوسیعی منصوبے کاجائزہ لیا

55

لاہور۔6دسمبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے مزار بی بی پاکدامن کا دورہ کیا اور مزار کی تزئین وآرائش وتوسیعی منصوبے کاجائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ نے پراجیکٹ پر پیش رفت کا معائنہ کیا اور جاری کاموں کا مشاہدہ کیا۔ وزیر اعلی ٰمحسن نقوی نے مزار اور مرکزی گنبد کے فنشنگ ورک کا معائنہ کیا اور مزار کے مرکزی حصے اور گنبد کی تزئین و آرائش کے کام کا مشاہدہ کیا۔

 وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے مزار بی بی پاکدامن کے اندرمعیاری لائٹس لگانے کی ہدایت کی اور کہا کہ دیے جلانے او رچراغاں کے لئے علیحدہ جگہ مختص کی جائے۔انہوں نے کہا کہ زائرین کی سہولت کے لئے مزار کے راستے کو کشادہ کیاجائے اوروضو خانے کی جگہ میں بھی توسیع کی ہدایت کی۔

وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے سیکرٹری تعمیرات ومواصلات اور سیکرٹری اوقاف کو منصوبے کے کام جلد مکمل کرنے کے حوالے سے ہدایات دیں۔وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ تزئین وآرائش و توسیعی منصوبے میں مزید تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔

 وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مزار پر ملک کی ترقی، خوشحالی،استحکام،سا  لمیت اورامن کے لیے دعا کی۔ وزیراعلیٰ نے مظلوم فلسطینی مسلمانوں کی سلامتی کے لئے خصوصی دعا کی۔