اسلام آباد، 11 دسمبر ( اےپی پی): چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے پاک بحریہ کے جہازوں، کوسٹل اور کرِیکس یونٹس کا دورہ کیا۔ امیر البحر نے کراچی، گوادر، اورماڑہ اور سجاول میں نیول تنصیبات کا بھی دورہ کیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق اس موقع پر نیول چیف کو کرِیکس اور کوسٹل ایریاز میں پاک بحریہ کی آپریشنل تیاری پر بریفنگ دی گئی۔ نیول چیف نے اورماڑہ میں کیڈٹ کالج اور نیول ہسپتال درمان جاہ کا بھی دورہ کیا۔ نیول چیف نے فلِیٹ یونٹس اور اگلے مورچوں پر تعینات پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی۔
سربراہ پاک بحریہ نے گوادر پورٹ کی سیکیورٹی پر تعینات جوانوں کے عزم اور حوصلے کو سراہا۔ امیر البحر نے پاک بحریہ کے فلِیٹ یونٹس اور ٹروپس کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔











