اسلام آباد، 11دسمبر(اے پی پی ): وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ فلسطین اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد چیمبر آف کامرس میں انسانی حقوق کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب میں کیا ۔ مشعال حسین ملک نے تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے آواز اٹھانے پر زور دیا اور کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں نسل کشی کر رہا ہے، بھارتی حکمرانوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کو دنیا کی ایک بڑی کھلی جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔
مشعال حسین ملک نے کہا کہ بھارت کی طرف سے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی انسانی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ خواتین کی بے حرمتی کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے اور بچوں اور دوسرے لوگوں پر بھی ناقابل بیان مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔
غزہ میں اسرائیلی جارحیت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے اسرائیلی فوج کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور جرائم کی شدید مذمت کی اور کہا کہ کشمیر اور فلسطین دنیا کے دو بڑے تنازعات ہیں جنہیں حل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
آباد چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے اپنے خطاب میں کہا کہبھارت کی عدلیہ نے جس طرح کشمیر کی خصوصی حیثیت کو نظر انداز کیا یہ انسانی حقوق کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ جو کچھ مقبوضہ جموں کشمیر میں ہو رہا ہے اس پر عالمی دنیا کی خاموشی قابل مذمت ہے۔











