اسلام آباد، 08دسمبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے کہا ہے کہ وزارت داخلہ الیکشن کمیشن کی درخواست پر آئندہ عام انتخابات میں سیکو رٹی کے لئے ہر ممکن سول آرمڈ فورسز فراہم کرنے کے لئے تیار ہے ، فوج تعیناتی کے حوالے سے وزارت دفاع آگاہ کریگی ، الیکشن مہم کے دوران سیاسی قیادت نشانہ بنائے جانے کا خطرہ موجود ہے، سیاسی سرگرمی میں حصہ لینے والے دستاویزی غیر ملکی کو بھی بے دخل کردیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو وزارت داخلہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے کہا کہ غیر قانونی مقیم افراد میں سے 4 لاکھ 82 ہزار سے زائد واپس چلے گئے، 90 فیصد غیر قانونی مقیم غیر ملکی ازخود واپس چلے گئے ہیں، کسی کے ساتھ بداخلاقی اور بدتہذیبی نہیں کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاست کا حق پاکستانیوں کو ہے، رجسٹرڈ غیر ملکی پاکستان کی سیاست میں کوئی کردار ادا نہیں کر سکتے، غیر ملکیوں کی سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر پابندی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی سرگرمی میں ملوث غیرملکیوں کو ڈی پورٹ کیا جا رہا ہے، 10 کے قریب افراد کی شناخت کی گئی ہے جو سیاسی سرگرمی میں ملوث تھے۔











