انتخابات 8 فروری کو ہوں گے ،الیکشن کمیشن کی مالی، انتظامی اور سیکورٹی ضروریات پوری کریں گے؛ مرتضیٰ سولنگی

39

کوئٹہ،08دسمبر  (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ ملک میں آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کے لئے حکومت پرعزم ہے، انتخابات 8 فروری کو ہوں گے، اس حوالے سے کسی قسم کا کوئی شک و شبہ نہیں ہونا چاہئے، الیکشن کمیشن کی مالی، انتظامی اور سیکورٹی ضروریات پوری کریں گے، انتخابات میں تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو یکساں سیکورٹی اور مواقع حاصل ہوں گے، خوشی ہے کہ ملک معاشی استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے، اسٹاک ایکسچینج 100 انڈیکس آج 66 ہزار کی حد عبور کرچکا ہے، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بھی بہتری آئی ہے، ریاستی میڈیا پر کسی رجسٹرڈ سیاسی جماعت کی کوریج پر پابندی نہیں، تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو یکساں کوریج دی جا رہی ہے، پاکستان اس وقت مضبوط ہوگا جب اس کی زبان اور کلچر مضبوط ہوں گے، پی ٹی وی بولان کی نشریات بلوچستان کے دور دراز علاقوں تک پہنچانے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں کوئٹہ پریس کلب میں صوبائی وزراءکے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ہمیں جس حالت میں ملک ملا ہے، اس سے بہتر حالت میں اگلی منتخب حکومت کے حوالے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ ملک معاشی استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے، آج پاکستان اسٹاک ایکسچینج 100 انڈیکس 66 ہزار کی حد عبور کر چکا ہے، ڈالر کی قدر میں بھی کمی ہوئی ہے۔

پی ٹی وی کوئٹہ سینٹر کے دورہ کے حوالے سے نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی وی بولان کی نشریات کو انٹینا کے ذریعے بلوچستان کے دور دراز علاقوں تک پہنچانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 17 دسمبر سے پی ٹی وی بولان پر ہزارگی زبان میں بھی نشریات شروع کی جا رہی ہیں، پی ٹی وی بولان کی تکنیکی اور ہیومن ریسورس ضروریات کو پورا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کے اختیارات اور مدت محدود ہے، کوئٹہ پریس کلب اور بلوچستان کے صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے جو بھی ممکن ہوگا، اقدامات اٹھائیں گے۔