لاہور، 14دسمبر(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے فلپائن کی سفیر ماریا اگنیس ایم سروینٹس(Maria Agnes M. Cervantes) نے ملاقات کی۔
ملاقات میں نرسنگ، فارماسوٹیکل اور میڈیکل کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا اور پنجاب پولیس اورفلپائن کی پولیس کے درمیان پیشہ ورانہ مہارتوں کے تبادلے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پنجاب اورفلپائن کے درمیان نرسنگ ٹریننگ کے لئے ایم او یو کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ جس کے تحت فلپائن پنجاب سے ایک ہزار طالبات کو نرسنگ ٹریننگ دے گا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی کی فلپائنی اور پنجاب کی یونیورسٹیوں کے طلبہ کیلئے باہمی داخلوں کی تجویز پر فلپائنی سفیر نے اتفاق کیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے فلپائن کی سفیر کو پولیس ہیڈ کوارٹر، سیف سٹی اوردیگر مقامات کے دوروں کی دعوت بھی دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کورونا کے دوران دنیا بھر میں فلپائن کی نرسنگ کی پیشہ ورانہ مہارات کو سراہا گیا۔ پاکستان میں 3 ہزار فلپائنی اورلاہور میں 700 سے زائد فلپائنی سروسز فراہم کررہے ہیں۔محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب میں نرسنگ کے شعبہ میں فلپائن کے تعاون کا خیر مقدم کریں گے۔ نرسنگ طالبات کی تعداد دگنا کرنے کے باوجود پنجاب میں ضرورت برقرار ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ نجی میڈیکل یونیورسٹیوں سے فلپائنی اداروں کے تعاون کے سلسلے کو بھی آگے بڑھایا جائے گا۔
ماریا اگنیس نے کہا کہ فلپائن کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں پاکستان کے طلبہ کیلئے سکالر شپ کے مواقع بھی موجود ہیں۔ پنجاب کی حکومت اورعوام کے فلپائن کے بارے میں اچھے جذبات کو سراہتے ہیں۔
فلپائن کے اعزازی قونصل فہد شیخ،صوبائی وزیر عامر میر،ایڈیشنل چیف سیکرٹری اوردیگر متعلقہ حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔











