لاہور۔3دسمبر (اے پی پی):نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے وزیراعلی آفس میں اقوام متحدہ ہائی کمیشن برائے مہاجرین کی نمائندہ فلپا کونڈلرنے ملاقات کی،ملاقات میں غیر قانونی طورپر مقیم غیر ملکیوں کے انخلا سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔غیر قانونی طورپر مقیم غیر ملکیوں کے انخلا کے حوالے سے سپورٹ،کوآرڈینیشن اورتعاون پر بھی گفتگوکی۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ غیر قانونی طورپر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف واضح پالیسی اپنائی ہے،پنجاب حکومت اس ضمن میں وفاق کی گائیڈلائنز پر عملدرآمد کررہی ہے۔اب تک پنجاب سے تقریبا15ہزارسے زائد غیر قانونی طورپر مقیم غیر ملکیوں کو واپس بھجوایا جاچکا ہے،تمام عمل کو شفاف بنایا گیا ہے اورپوری کوشش ہے کہ کوئی بھی غیر قانونی طورپرمقیم غیر ملکی صوبے میں نہ رہے۔اقوام متحدہ ہائی کمیشن برائے مہاجرین سے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔
نمائندہ اقوام متحدہ ہائی کمیشن برائے مہاجرین نے کہا کہ پاکستانی حکومت کا غیرقانونی طورپر مقیم غیر ملکیوں کے انخلا اوراس عمل کو ریگولیٹ کر کے دستاویزی شکل دینا اچھا اقدام ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر،ایڈیشنل آئی جی،سپیشل سیکرٹری محکمہ داخلہ،سیکرٹری وزیراعلی عملدر آمد،اقوام متحدہ ہائی کمیشن برائے مہاجرین اسلام آباد کے لائزن آفیسر فرمان خلجی، کمشنر افغان مہاجرین پنجاب رانا محمد ارشد،ڈائریکٹر افغان مہاجرین محمد عثمان غنی اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پرموجود تھے۔