لاہور۔3دسمبر (اے پی پی):نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے رات گئے تھانہ ہنجر وال کی نئی عمارت کا افتتاح کر دیا،مختلف شعبوں کا معائنہ کیااور فرنٹ ڈیسک کا جائزہ لیا، ٹوکن مشین سے ٹوکن لیا اور سائلین کے لئے ٹوکن سسٹم لگانے کی تعریف کی۔وزیر اعلی نے ویٹنگ،ایس ایچ او روم، آئی ٹی روم اور میٹنگ روم کا معائنہ کیا اور دروازوں کی کوالٹی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔محسن نقوی نے حوالات میں بند ملزمان سے ان کے کیسز کے بارے پوچھا۔ انہوں نے سائلین کے لئے بہترین سہولتوں کی فراہمی کے اقدام کو سراہا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے انسپکٹر جنرل پولیس،سی سی پی اولاہور،ڈی آئی جی آپریشنز اور ان ٹیم کو مبارکباد دی۔انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے تھانہ ہنجروال کی تعمیر اور سائلین کے لیے فراہم کردہ سہولتوں کے بارے میں بریفنگ دی۔
انہوں نے تھانہ ہنجرال کی نئی عمارت کے افتتاح کے بعد میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب بھر میں 737 تھانوں کی اپ گریڈیشن کا کام جا ری ہے،صوبے کے ہر تھانے کی اپ گریڈیشن ہوگی اور کسی بھی تھانے کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔ہر تھانے میں فرنٹ ڈیسک، ایس ایچ او روم، انویسٹی گیشن او رویٹنگ روم کو بہتر کیا جارہاہے۔لاہور میں 22نئے تھانے بنائے جا رہے ہیں۔محکمہ تعمیرات ومواصلات پر کام کا کافی دبا ہے۔امید ہے کہ لاہور کے 22نئے تھانے جلد تعمیرہوں گے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم ہے،جو 16 اضلاع میں سیف سٹی پراجیکٹس کو مزید توسیع دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بڑے ایونٹس کے لئے کیمروں کی مد میں ایک ارب روپے کرایہ دیا جاتاتھا لیکن اب کیمرے لگنے سے اس رقم کی بچت ہوگی۔تھانوں کی حالت بھی بہتر ہورہی ہے اور تھانہ کلچر بھی تبدیل ہورہاہے۔نوجوان اورایماندار پولیس افسران کو تعینات کیا جارہاہے جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ لاہور میں ایک روز میں 24ہزار 8سوڈرائیونگ لائسنس بنے ہیں یہ ایک ریکارڈ ہے۔جب کریک ڈاؤن شروع نہیں ہوا تھا تو روزانہ کی بنیادپر صرف اڑھائی سو لائسنس بنتے تھے جبکہ پنجاب بھر میں ایک روز میں 75ہزار لائسنس بنائے گئے ہیں۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ سیف سٹی پراجیکٹس پر دن رات محنت کررہے ہیں۔پولیس کے حوالے سے اچھا فیڈ بیک مل رہاہے پولیس کے تاثر میں بہتری آئی ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ سائلین تھانے کے حوالے سے کیو آر کوڈ پر اپنا فیڈ بیک دے سکتے ہیں۔صرف لاہور میں ہی نہیں پنجاب کے 737تھانے اپ گریڈ کررہے ہیں۔ ری ویمپنگ، اپ گریڈیشن اور دیگر پراجیکٹس بر وقت مکمل کرلیں گے،جو بھی وزیراعلی آئے گابہتر کام کرے گا۔انہوں نے کہا کہ نوہزار کے قریب پولیس کی مزید بھرتی کی جارہی ہے۔کچے کے علاقے میں پوری ٹیم کے ساتھ وزٹ کیا ہے، ڈاکوؤں کے گینگ کا خاتمہ کریں گے۔کچے کے علاقے کی ترقی کے لئے علیحدہ پیکیج ترتیب دیاہے،جس میں 19پولیس سٹیشن،2 بیسڈ سٹیشن، سکول، سڑکیں او رہسپتال شامل ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ والدین سوچ لیں کہ بچوں کو تھانے میں رکھناہے یا ان کا لائسنس بنوانا ہے۔ والدین اپنے بچوں کا لائسنس ضرور بنوائیں، کوئی نرمی نہیں کی جائے گی۔لاہورمیں 70لاکھ گاڑیاں و موٹر سائیکلیں ہیں اور صرف 10لاکھ لا ئسنس۔طلبہ کیلئے میٹروبس اور اورنج لائن میٹرو ٹرین پر سفر مفت کردیا ہے۔صوبائی وزرا عامر میر، اظفر علی ناصر، انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ میاں شکیل احمد،سی سی پی او لاہور بلال کمیانہ سیکرٹری تعمیرات و مواصلات،ڈی آئی جی آپریشنز، ڈپٹی کمشنر،سی ٹی او اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔