پاکستانی تاجروں کو چین میں تجارتی مواقع تلاش کرنے اور دوطرفہ تجارت کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے؛ ڈاکٹر گوہر اعجاز

2

کراچی،28دسمبر(اے پی پی): نگران وفاقی وزیر تجارت، صنعت و پیداوار ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ پاکستانی تاجروں کو چین میں تجارتی مواقع تلاش کرنے اور دوطرفہ تجارت کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

جمعرات کو یہاں گورنر ہاؤس میں زراعت، ٹیکسٹائل، انجینئرنگ اور دیگر شعبوں کی نمائندگی کرنے والے تاجر برادری کے وفد سے گفتگو کیبعد میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ چین ہمارا فولادی دوست اور ایک بڑا تجارتی پارٹنر ہے۔

نگران وفاقی وزیر تجارت، صنعت و پیداوار ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ  پاکستان علاقائی اور عالمی سطح پر تجارت کی وسیع صلاحیت رکھتا ہے لیکن 250ملین کی آبادی کے باوجود اس کی معیشت کا حجم 350ارب ڈالر ہے جبکہ تجارتی حجم 100ارب ڈالر کے قریب ہے۔ انہوں نے معیشت کو پائیدار بنیادوں پر مضبوط بنانے کے لیے تجارت بڑھانے اور اس مقصد کے لیے فوری اور جامع اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔