پاکستان سے دہشت گردی کا تقریباً خاتمہ کیا گیا تھا مگر پی ٹی آئی کے غلط فیصلے سے تمام تر جدوجہد اور آپریشنز بے اثر ہوگئے ؛ بلاول بھٹو زرداری

56

 

اسلام آباد،11 دسمبر(اے پی پی ): پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ  پاکستان سے  دہشت گردی کا خاتمہ کر دیا  گیا تھا لیکن پی ٹی آئی کے دورہ حکومت میں پارلیمان اورعوام کوپوچھے بغیردہشت گردوں کے ساتھ مذاکرات کیےگئے، اس فیصلے کے بعد  اس حوالے سے تمام تر جدوجہد اور آپریشنز  بے اثر ہوگئے۔

وہ وزارت داخلہ میں دیوار شہداء پر بے نظیر بھٹو کی تصویر آویزاں کرنے کے بعد نگران وزیر داخلہ میر سرفراز احمد بگٹی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان کی حکومتی پالیسیوں سے آج ملک کو دہشت گردی کا سامنا ہے، اس کی تحقیقات  ہونی چاہیے اور  جو لوگ اس فیصلے میں ملوث تھے، ان سے پوچھ  گچھ  کرنی چاہیئے  اور  یقین دہانی کرنی چاہیے کہ مستقبل  میں  ایسے فیصلے دوبارہ نہیں کیے جائیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام کو یقین دلانا ہوگا کہ آنے والے دنوں میں پھر ایسا یوٹرن نہ لیا جائے، جن دہشت گردوں کو  واپس بلایا گیا، ان دہشت گردوں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کرنا ہوگا۔