اسلام آباد، 06 دسمبر(اے پی پی):پاکستان کو اولمپک سولیڈرٹری لیول ون باسکٹ کوچنگ کورس کی میزبانی مل گئی،11دسمبر سے شروع ہوگا، فیبا کوچنگ انسٹرکٹر میلان کوٹارک ٹریننگ دینگے۔
پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل خالد بشیر کے مطابق پاکستان میں باسکٹ بال کھیل کی تکنیک اور کوچنگ معیار کو بہتر بنانے کے لئے انٹرنیشنل باسکٹ بال فیڈریشن (فیبا) کی زیر سرپرستی منعقد ہونیوالے چھ روزہ لیول ون کوچنگ کورس فیبا کوچنگ انسٹرکٹر میلان کوٹارک کی نگرانی میں ہوگا جنہیں پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے ایسوسی ایٹ سیکرٹری اوج ظہور، محمد سمیع ،کورس کوارڈینیٹر، اور ریاض ملک،ہیڈ کوچ معاونت دینگے جبکہ کورس میں پندرہ کوچز حصہ لیں گے ۔خالد بشیر نے بتایا باسکٹ بال کے تازہ قوانین سے باخبر رہنے کی بنیادی اہمیت کو اجاگر کرنے اور اس کھیل کی ترقی کے لئے کوچنگ کے معیار کو بہتر بنایا جارہا ہے اور اولمپک سولیڈرٹری لیول ون کورس کے ذریعے قومی کوچز کو اپنی صلاحتیں اور کوچنگ معیار کوبہتر بنانے کا موقع ملے گا۔ خالد بشیر نے مزید کہا کہ فیڈریشن ملک میں باسکٹ بال کھیل کے فروغ اور ترقی کے لئے پرعزم ہے۔