پاک بحریہ اور عمان کی رائل بحریہ کی دو طرفہ بحری مشق ثمرالطیب 2023 اختتام پذیر

8

 

اسلام آباد، 24 دسمبر(اے پی پی ): پاک بحریہ اور عمان کی رائل بحریہ  کی  خلیج عمان میں  جاری  دو طرفہ بحری مشق ثمرالطیب 2023 اختتام پذیر ہو   گئی ہے ،مشق میں دونوں بحری افواج کے بحری جہازوں، فضائی اثاثوں اور اسپیشل سروس گروپس نے شرکت کی۔

 ترجمان پاک بحریہ کے  مطابق  مشق میں پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس اصلت، فاسٹ اٹیک کرافٹ پی این ایس قوت  اور دونوں ممالک کے ہوائی  اثاثوں نے حصہ لیا۔ مشق ثمرالطیب 2023 مختلف نوعیت کے روائتی اور غیر روائتی خطرات سے نمٹنے کیلئے مشترکہ آپریشنز پرمشتمل تھی۔ دو طرفہ مشق ثمرالطیب-2023 کے دوران اینٹی ایئر، اینٹی سرفیس وارفیئر اور انسداد دہشت گردی کی مشقوں سے متعلق میری ٹائم آپریشنز کی مشق کی گئی۔

مشق ثمرالطیب سے پاکستان اور عمان کی بحری افواج کے مابین ہر دو سال بعد باقاعدگی سے منعقد کی جاتی ہے۔ مشق کا مقصد دونوں ممالک کے مابین باہمی تعاون کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ سمندر میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام، علاقائی امن اور استحکام کا قیام ہے۔ اس مشق میں شمولیت پاک بحریہ کی جانب سے علاقائی استحکام، بین الاقوامی تعاون اور بحری صلاحیتوں کے فروغ کیلئے کیے گئے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق مشق “ثمرالطیب”سے دونوں ممالک کے مابین مشترکہ نیول آپریشنز کو فروغ حاصل ہو گا۔