لاہور، 24 دسمبر (اے پی پی): وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے زیر تعمیر نئے راوی پل کا دورہ کیا اور تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا اور پائلنگ کے کام کا جائزہ لیا۔وزیر اعلی محسن نقوی نے پائلنگ ورک کو 15 جنوری تک مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے پر دن رات کام کیا جائے اور منصوبے کو 31 جنوری تک مکمل کرنے کی پوری کوشش کی جائے ۔
وزیراعلی محسن نقوی نے جاری ترقیاتی کاموں کا مشاہدہ کیا۔کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا، چیف انجینئر ایل ڈی اے اور کنٹریکٹر نے وزیر اعلی کو بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ دریائے راوی پر نئی مشین لگنے سے پائلنگ کے کاموں میں تیزی آئی ہے۔ وزیراعلی کو بتایا گیا کہ منصوبے کی کل 52 پائلوں میں سے 4 پائلیں تیار کر لی ہیں جبکہ96 میں سے 20 گرڈرز تیار کر لیے گئے ہیں۔
صوبائی وزراء عامر میر، اظفر علی ناصر، سیکرٹری ہاؤسنگ، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات،کمشنر لاہورڈویژن، ڈپٹی کمشنر لاہور، ڈی جی پی ایچ اے اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔











