پی سی بی نے ڈائنیٹک کیو کیساتھ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں معاہدے پر دستخط کردیئے

53

اسلام آباد،4 دسمبر( اے پی پی ) : پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی )نے ڈائنیٹک کیو کے ساتھ پیرکے روز نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں معاہدے پر دستخط کردیئے ہیں،یہ معاہدہ کھلاڑیوں کی کارکردگی بلندسطح پر لانے کے ضمن میں ایک اہم قدم ہے۔اس باہمی اشتراک کے نتیجے میں لفبرا یونیورسٹی میں کھلاڑیوں کو ورلڈ کلاس سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائے جائے گی جن میں بائیو مکینکل پہلووں، انجریز سے صحت یاب ہونے اور پلیئر ڈویلپمنٹ کو بنیادی اہمیت حاصل ہوگی۔

ڈائنیٹک کیو اس معاہدے کے تحت کوچنگ ایجوکیشن کورسز بھی پیش کرے گا جو عصر حاضر کی ٹیکنالوجی اور پریکٹیکل کوچنگ سے ہم آہنگ ہونگے جس کے نتیجے میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کو بلند سے بلند سطح پر لایا جاسکے گا ۔

معاہدے پر دستخط کی تقریب میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف، چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر، ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ، ڈائریکٹر ڈومیسٹک ندیم خان اور سینئر جنرل منیجر ڈومیسٹک جنید ضیاءنے شرکت کی۔