کواپرا گیلری میں سرگودھا یونیورسٹی کے طلبا و فنکاروں کے فن پاروں کی نمائش

6

 

لاہور، 11دسمبر(اے پی پی): یونیورسٹی آف سرگودھا انسٹیٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن ، ڈیپارٹمنٹ آف باٹنی اور کوپرا آرٹ گیلری کے تعاون سے آرٹ اینڈ کرافٹ کی نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ آرٹ نمائش میں یونیورسٹی آف سرگودھا کے طلباء کی جانب سے کثیر الجہت فنکارانہ تکنیکوں پر مبنی پراجیکٹس کی نمائش کی گئی جس میں کرافٹ آرٹ جیسے ٹیکسٹائل ڈیزائننگ اور پرنٹنگ سے لے کر سیرامکس اور مٹی کے برتنوں پر پینٹنگ اور پرنٹ میکنگ جیسے خالص فنون لطیفہ سے لے کر مختلف سطحوں پر ڈیزائننگ کی ڈیجیٹل تکنیک شامل تھیں۔

نمائش کا مقصد لوگوں میں نہ صرف فنون لطیفہ کا شعور بیدار کرنا تھا بلکہ ملک میں موجود قدرتی چیزوں کی اہمیت کو بھی اجاگر کرنا تھا۔ نمائش میں 90 سے زیادہ فن پارے شامل کئے گئے جو کہ سوشل اور کلچرل مسائل کی عکاسی کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

 طلباء کی جانب سے 10 سے 12 فن پاروں ایسے بھی بنائے گئے جن میں فلسطین پر ہونے والے مظالم کو دنیا کے سامنے پیش کیا گیا۔

 نمائش کا افتتاح وائس چانسلر سرگودھا یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کیا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ طلباء کیلئے اس پلیٹ فارم کی فراہمی ان کی مستقبل کی فنکارانہ اور پیشہ ورانہ کوششوں کیلئے کامیابی کی کنجی ثابت ہوگا۔