ملتان؛ فن خطاطی کی جانب نئی نسل کو راغب کرنے کی ضرورت ہے، عامر نسیم شیخ

15

ملتان، 11 دسمبر (اے پی پی ): صدر بورڈ آف مینجمنٹ ملتان آرٹس کونسل میاں عامر نسیم شیخ نے کہا کہ  فن خطاطی کی جانب نئی نسل کو راغب کرنے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے آرٹس کونسل کے زیر اہتمام ”جمالیات خط” کے عنوان سے منعقدہ چار روزہ خطاطی نمائش کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ فنکار ہمارے خطے کی پہچان ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ خطے اور ملتان کی ثقافت کی ترویج کیلیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، اس خطے کی روایات اور صوفیاء کرام کے فلسفے کو نہ صرف عوام تک پہنچائیں گے بلکہ نسل نو میں منتقل کرنا بھی ہماری ذمہ داریوں میں شامل ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر ملتان آرٹس کونسل ڈاکٹر ریاض ہمدانی کا کہنا تھا کہ خطاط اور دیگر فنکار ہمارے خطے کے سفیر ہیں جنہوں نے نہ صرف اندرون ملک بلکہ بیرون ملک بھی اپنے فن کے جوہر دکھائے، مختلف شعبہ جات کے تمام فنکاروں کو یکساں مواقع فراہم کرنے کیلیے پالیسی بنا رہے ہیں۔

خطاطی نمائش میں ملتان کے چار ممتاز خطاط راشد حسین سیال، محمد مختار علی، حامد اقبال خان اور فرح رحمان کے تیس سے زائد فن پارے آویزاں کیے گئے۔

افتتاحی تقریب میں پرائڈ آف پرفارمنس گلوکارہ راحت بانو ملتانیکر، شاعر، ادیب اور کالم نگار شاکر حسین شاکر اور ضمیر ہاشمی کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی کئی شخصیات شریک ہوئیں۔ نمائش میں شرکت کرنے والے شہریوں  نے ملتان آرٹس کونسل کی کاوشوں کو سراہا۔