گورنر بلوچستان کا بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز کے 19ویں کانووکیشن سے خطاب

19

نوجوان کسی بھی ملک کا مستقبل ہیں، پاکستان اور بلوچستان کا مستقبل نوجوانوں سے ہی وابستہ ہے؛

کوئٹہ،21 دسمبر (اے پی پی):گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ نوجوان کسی بھی ملک کا مستقبل ہیں، پاکستان اور بلوچستان کا مستقبل نوجوانوں سے ہی وابستہ ہے، آج سے تقریباً بیس برس قبل بیوٹمز یونیورسٹی کے نام سے جو پودا لگایا گیا تھا آج وہ  ننھا پودا ایک تناور درخت بن چکا ہے جس کے پھل اور چھائوں سے ہزاروں لوگ مستفید ہو رہے ہیں، وائس چانسلر ڈاکٹر خالد حفیظ شیخ اور ان کی پوری ٹیم 19 ویں کامیاب کانووکیشن کے انعقاد پر مبارکباد کی مستحق ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ  اینڈ مینجمنٹ سائنسز (بیوٹمز) کے 19ویں کانووکیشن کے شرکاء اور منتظمین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بیوٹمز یونیورسٹی کے 19ویں کانووکیشن میں 572 فارغ التحصیل طلباء و طالبات میں گولڈ میڈلز اور اسناد تقسیم کی گئیں۔

 بیوٹمز یونیورسٹی کے 19ویں کانووکیشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان نے آئی ٹی یونیورسٹی کے تمام فارغ التحصیل ہونے والے طلباء و طالبات، ان کے والدین اور اساتذہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو ملک و صوبے کی ترقی و خوشحالی کیلئے بروئے کار لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ زندگی کا اصل مقصد بھی معاشرے کے دوسرے انسانوں کے کام آنا ہے ،نوجوان اپنی محنت اور تعلیم کے بل بوتے پر ملک و صوبے کی تعمیر و ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

اس موقع پر وائس چانسلر بیوٹمز یونیورسٹی ڈاکٹر خالد حفیظ، یونیورسٹی آف بلوچستان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمٰن، تربت یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جان محمد، نگران وزراء ڈاکٹر قادر بخش بلوچ، کیپٹن (ر) زبیر جمالی، پرنس احمد علی، سابق سینیٹر روشن خورشید بروچہ، فیکلٹی ممبرز، والدین اور سٹوڈنٹس کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔

گورنر بلوچستان نے آخر میں بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ سائنسز کے کامیاب کانووکیشن کے انعقاد پر وائس چانسلر اوراُن کی پوری ٹیم کی انتھک کاوشوں کو سراہا۔