آسٹریلین وزیراعظم کی جانب سے سڈنی میں پاکستان اور آسٹریلین کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا اہتمام

21

 

اسلام آباد ،یکم جنوری( اے پی پی): آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیز کی جانب سے پیر کے روز سڈنی میں پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔تقریب میں دونوں ٹیموں کے علاوہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا ءاشرف، چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر نے بھی شرکت کی۔

 اس موقع پر آسٹریلیا میں پاکستان کے ہائی کمشنر زاہد حفیظ چوہدری اور آسٹریلین کرکٹ بورڈ کے حکام بھی موجود تھے۔آسٹریلوی وزیراعظم نے دونوں ٹیموں کو خوش آمدید کہا۔

آسٹریلوی وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے اس دورے میں اچھی کرکٹ کھیلی ہے خاص کرمیلبورن ٹیسٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔انہوں نے اس دورے میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے مثالی رویئے کی بھی تعریف کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سڈنی ٹیسٹ میں بھی اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے اس موقع پر آسٹریلوی وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو مدعوکرکے کرکٹ کھیل کے فروغ میں عمدہ تاثر قائم کیا ۔

 پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے مزید کہا کہ اس سیریز میں دونوں ٹیمیں عمدہ کرکٹ کھیل رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے دورے ہمیں نہ صرف کھیل بلکہ اپنے طرز عمل کے ذریعے ملک کے سفیر کا کردار ادا کرنے کے مواقع بھی فراہم کرتے ہیں۔ اپنے گفتگو میں انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم سڈنی ٹیسٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرا اور آخری پانچ روزہ ٹیسٹ میچ بدھ کے روزسے سڈنی میں کھیلا جارہا ہے ۔