اسلام آباد میں واقع بھٹو کرکٹ گراؤنڈ اہل اختیار کی توجہ کا منتظر

32

اسلام آباد،02جنوری (اے پی پی ) :اسلام آباد کے دامن میں واقع بھٹو کرکٹ گراؤنڈ جہاں مقامی کھلاڑی اور کلب کرکٹرز شب و روز ٹریننگ اور کرکٹ کھیلنے میں مگن رہتے ہیں۔اسلام آباد کو وفاقی دارالحکومت کا درجہ ملنے کے بعد یہ گراؤنڈ چوہدری رحمت علی کرکٹ گراؤنڈ کے نام سے منسوب رہا بعد ازاں اس کا نام بھٹو کرکٹ گراؤنڈ رکھ دیا گیا۔ مذکورہ گراؤنڈ طویل عرصے تک صرف مقامی آبادی کے لیے کرکٹ کا مسکن رہا ہے۔

 بھٹو کرکٹ گراؤنڈ میں چھ کرکٹ کلبز ہیں جن میں آصف میموریل، چوہدری رحمت علی، لکی سٹار اور دیگر کرکٹ کلبز بیک وقت ٹریننگ اور کرکٹ کھیل کر اپنا جوش و جذبہ ترو تازہ کرتے ہیں۔اس حوالے سے اہم بات یہ ہے کہ بھٹو کرکٹ گراؤنڈ میں کرکٹ کھیل کر نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی پرنامور کرکٹر سامنے آئے جن میں قومی کرکٹ ٹیم نے سابق مایہ ناز آل راﺅنڈر اظہر محمود کا نام بھی شامل ہے۔

یہاں کھیلنے والے کھلاڑیوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اگر گراؤنڈ کے حوالے سے سہولیات کو مثبت انداز میں بروئے کار لایا جائے تو کرکٹرز کو بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کے عمدہ مواقع فراہم ہو سکتے ہیں۔

جہاں کھیل کسی بھی معاشرے میں صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ کےلئے مرکزی کردار اداکے حامل ہوتے ہیں وہیں یہ گراؤنڈ کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانے و اپنی کھیلوں کی کارکردگیوں کا لوہا منوانے اور اپنے کھیل کو نکھارنے کے لئے بنیادی پلیٹ فارم مہیا کرتے ہیں۔

مذکورہ تاریخی اہمیت کا حامل یہ کرکٹ گراؤنڈ جہاں کھلاڑیوں کو کھیل کے حوالے سے بنیادی سہولیات کی فراہمی سے محروم ہے و ہیں عدم توجہ کے باعث ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔

اگر مقامی سطح پر ان کرکٹ گراؤنڈ پر توجہ مرکوز کی جائے تو یہ کرکٹ کے میدان پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کرنے میں اہم سنگِ میل ثابت ہو سکتے ہیں۔