انتخابات کے حوالے سے تمام مفروضے اور افواہیں دم توڑ چکی ہیں، انتخابات جمعرات 8 فروری 2024ءکو ہوں گے؛مرتضیٰ سولنگی

12

اسلام آباد ،22 جنوری (اے پی پی): نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا  ہے کہ انتخابات کے حوالے سے تمام مفروضے اور افواہیں دم توڑ چکی ہیں اور انتخابات جمعرات 8 فروری 2024ءکو  ہی ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار انیوں نے پیر  کا یہاں  پائیڈ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  کیا۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنے ووٹ کا حق استعمال کریں گے، آئین کے تحت پاکستان کو منتخب نمائندے چلائیں گے اور اس الیکشن کیلئے الیکشن کمیشن کو معاونت فراہم کرنا نگران حکومت کی ذمہ داری ہے۔

میڈیا کے کردار کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ انتخابات کے حوالے سے میڈیا کی ذمہ داری بڑھ جاتی ہے لہذا میڈیا  کو ذمہ دارانہ رپورٹنگ کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وعدوں اور دعوﺅں کی تکمیل سیاسی جماعتوں کا ہی کام ہے، معیشت، خارجہ پالیسی، تعلیم اور صحت سمیت اہم امور  منشور کا حصہ ہوتے ہیں، امید ہے ہم ملک کو درپیش اصل مسائل کے حل کی طرف جائیں گے۔