اسلام آباد،30جنوری(اے پی پی ): پوسٹل بیلٹ ایک ایسی سہولت ہے جس کی مدد سے پولنگ سٹیشن جائے بغیر ووٹر اپنے حلقے میں ووٹ ڈال سکتے ہیں، لیکن یہ ایسی سہولت ہے جو مخصوص لوگ ہی استعمال کر سکتے ہیں، یہ لوگ کون ہیں اور پوسٹل بیلٹ کا عمل کیسے پورا کیا جاتا ہے؟
پوسٹل بیلٹ پیپرز کے حصول کے لئے ووٹرز کو درخواستیں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر ان کو بھجوانی ہوتی ہیں۔ وفاقی و صوبائی سرکاری ملازمین اور ملک بھر کے قیدی پوسٹل بیلٹ کے ذریعے حق رائے دہی استعمال کر سکتے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے ملازمین اور پولنگ کا عملہ بھی پوسٹل بیلٹ کے ذریعے حق رائے دہی استعمال کر سکتا ہے ، جیل کے قیدی اور زیر حراست ملزمان پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ہی ووٹ کاسٹ کر سکتے ہیں، معذوری والا شناختی کارڈ رکھنے والے افراد کے لئے بھی پوسٹل بیلٹ کی سہولت میسر ہے۔اس کے علاوہ ، مسلح افواج کے اہلکار، ان کے اہل خانہ کو بھی پوسٹل بیلٹ کی سہولت دی گئی ہے۔