آئی جی پنجاب کا سیف سٹی “کرائم سٹاپرز” سروس کا باقاعدہ افتتاح

37

لاہور، 27 جنوری(اے پی پی): آئی جی پنجاب نے سیف سٹی “کرائم سٹاپرز” سروس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ کرائم سٹاپرز سروس کے ذریعے ذمہ دار شہری اپنے ارد گرد جرائم کی روک تھام کیلئے خفیہ اطلاع دے سکیں گے۔ سیف سٹی کرائم سٹاپرز پر جرائم کی خفیہ اطلاع دو طریقے سے دی جا سکتی ہے۔ شہری کرائم سٹاپرز نمبر 033SAFECITY یعنی 03372332489 پر کال کر سکتے ہیں یا سیف سٹی ویب سائٹ www.psca.gop.pk پر بھی تصویری یا ویڈیو شواہد کیساتھ خفیہ معلومات دی جاسکتی ہیں۔ سیف سٹی کرائم سٹاپرز پر کال کرنے والے کا نمبر ظاہر نہیں ہوتا اور رازداری یقینی رہتی ہے۔ “کرائم سٹاپرز” پر منشیات فروشوں، دہشت گردوں، قحبہ خانہ چلانے والوں کی اطلاع دی جا سکتی ہے اور اس کے علاوہ کرائم سٹاپرز پر ڈکیتوں، اشتہاری ملزمان و عدالتی مفرور، جعلی مصنوعات بنانے والوں کی اطلاع دی جا سکتی ہے۔ جنسی جرائم، جوئے کے اڈے، انسانی سمگلنگ، ناجائز اسلحے اور بجلی گیس پانی چوری بارے خفیہ اطلاع بھی دی جاسکتی ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ’’سیف سٹی کرائم سٹاپر سروس‘‘ پر رابطہ کرنے والوں کی شناخت کسی صورت ظاہر نہیں ہوتی۔ آئی جی پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ سروس کمیونٹی پولیسنگ کے فروغ کیلئے متعارف کروائی ہے تاکہ شہری احساس تحفظ کے ساتھ بروقت پولیس کو اطلاع دیں۔ انھوں نے کہا کہ کارروائی سے پہلے پولیس مناسب زرائع سے اطلاع کے درست ہونے کی تصدیق یقینی بنائے گی۔ اطلاعات کی تصدیق کے بعد جرائم پیشہ افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔