ملک کی مجموعی اقتصادی ترقی اور ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے نوجوانوں کا کردار بہت اہم ہے،مشعال حسین ملک

35

 

لاہور، 27 جنوری (اے پی پی): وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال حسین ملک نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کی مجموعی اقتصادی ترقی اور ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کیلئے نوجوانوں کا کردار بہت اہم ہے۔

انہوں نے ہفتہ کے روز ایکسپو سینٹر میں ‘فیوچر فیسٹ’ ایونٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے سے صنعتوں کی پیداواری صلاحیت اور کارکردگی میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آٹومیشن اور مصنوعی ذہانت جیسے تصورات نہ صرف لاگت کو کم کرتے ہیں بلکہ نئی منڈیاں بھی تخلیق کرتے ہیں، اقتصادی ترقی اور عالمی مسابقت کو بھی فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل تبدیلی کے دور میں، تیزی سے ابھرتی ہوئی عالمی معیشت میں ملک کو مضبوط کرنے کے لیے ٹیکنالوجی سے لیس افرادی قوت کو فروغ دینا بہت ضروری ہے۔

 مشعال ملک نے کہا کہ جدت، سرمایہ کاری اور مجموعی معیشت میں نوجوانوں کی فعال شمولیت ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے بہت اہم ہے۔ نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو پہچاننا اور اس سے فائدہ اٹھانا ایک خوشحال اور پائیدار مستقبل کی تعمیر کیلئے ضروری ہے ، ڈیجیٹل اکانومی اور آن لائن پلیٹ فارمز میں نوجوانوں کی فعال شرکت کاروباری ترقی کیلئے بہت اہم ہے۔ نوجوانوں کی تعلیم، ہنر مندی، اور انٹرپرینیورشپ میں سرمایہ کاری سے نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر معاشی ترقی اور خوشحالی حاصل کی جاسکتی ہے۔ 10 لاکھ نوجوانوں کو مفت آن لائن آئی ٹی ٹریننگ فراہم کرنے میں فیوچر فیسٹ کے نمایاں عزم اور وژن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام قابل قدر مہارتوں کے حامل افراد کو بااختیار بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

 انہوں نے کہا کہ نوجوانوں پر سرمایہ کاری کے ذریعے، فیوچر فیسٹ ملک کی مجموعی تکنیکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیوچر فیسٹ جیسے ایونٹ مستقبل کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

قبل ازیں انہوں نے سعودی شہزادے کی جانب سے 100 ملین ڈالر کے ٹیک ہاؤس کے اجراء پر کہا کہ “میں سعودی شہزادہ فہد بن منصور کی پاکستان کے تکنیکی ترقی میں غیر معمولی شراکت کے لیے دل کی گہرائیوں سے تعریف کرتی ہوں”۔ انہوں نے کہا کہ ٹیک ہاؤس کے قیام کے لیے 100 ملین ڈالر کی فراخدلانہ سرمایہ کاری ہمارے ملک میں جدت اور اقتصادی ترقی کے فروغ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔